چسانہ کی 4پنچایتوں میں قائم ہیلتھ سنٹروں میں سہولیات کا فقدان مقامی لوگ معمولی بیماری کے علاج کیلئے دیگر ہسپتالوں میں دربد ر ہونے پر مجبور

محمد بشارت
ریاسی //ریاسی ضلع کی تحصیل چسانہ میں چار پنچایتوں کے ہیلتھ سنٹروں میں مریضوں کیلئے بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو معمولی بیماری کیلئے بھی دیگر ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ صحت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ تحصیل کی پنچایت شیر گھڑی ،پنچایت ممنکوٹ ،پنچایت ملکیوٹ اور پنچایت ٹھل کوٹ میں محکمہ صحت کی جانب سے قائم کردہ ہیلتھ سنٹروں میں ادویات کیساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ پنچایتوں و دیہات میں آباد لوگ اس جدید دور میں بھی کئی طرح کے مسائل کا شکار ہیں لیکن ان کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے مقامی انتظامیہ کیساتھ ساتھ محکمہ صحت کی جانب سے بھی کوئی دھیان نہیں دیا جارہا ہے ۔مقامی سرپنچ محمد حنیف نے بتایا کہ متعدد پنچایتوں میں طبی سنٹروں کا فقدا ن بھی پایا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ جگہوں پر قائم کردہ سب سنٹروں میں ڈاکٹروں کیساتھ ساتھ دیگر عملے کی بھی قلت پائی جارہی ہے ۔مکینوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ہر بر س لاکھوں روپے کا بجٹ شعبہ صحت کے نام پر بنایا جاتا ہے لیکن زمینی سطح پر لوگوں کو بنیادی سہولیات ہی دستیا ب نہیں کروائی جارہی ہیں ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر ریاسی اور محکمہ ہیلتھ کے اعلیٰ آفیسران سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ تحصیل چسانہ میں قائم کردہ ہیلتھ سنٹروں میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ مریضوں کو سہولیت مل سکیں ۔