چسانہ ریاسی میں مسلح تصادم|| ملی ٹینٹ ہلاک، 2اہلکار زخمی علاقے کی ناکہ بندی،ایک اور ملی ٹینٹ کی تلاش جاری:پولیس

 یو این آئی

جموں// ریاسی ضلع کے چسانہ گائوں میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین جاری تصادم میں ایک عدم شناخت ملی ٹینٹ مارا گیا جبکہ ابتدائی فائرنگ میں دو اہلکار زخمی ہوئے جن کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ ریاسی کے چسانہ گائوں میں کم سے کم دو ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی مصدقہ طور پر اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پیر کی سہ پہر جوں ہی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا ء میں وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھادھند فائرنگ شروع کی۔

 

 

انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دو بدو گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں دو سکورٹی فورسز کے اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ گائوں میں دو ملی ٹینٹ چھپے ہوئے ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں رینج مکیش سنگھ نے بتایا کہ ریاسی کے چسانہ گائوں میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تصادم جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک عدم شناخت ملی ٹینٹ مارا گیا جس کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں دو اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں پر دونوں کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ زخمی اہلکاروں میں ایک فوجی اور ایک پولیس جوان شامل ہیں۔علاقے میں آپریشن جاری تھا۔