چرار شریف میں چار روز سے بجلی کی عدم دستیابی

بڈگام// چرار شریف قصبہ میں گزشتہ چار روز سے بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ شیخ العالمؒ کی زیارت پر آنے والے زائرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں ہوئی برفباری کے بعد بجلی سپلائی متاثر ہوگئی  اورچار روز گزرنے کے باوجود ابھی تک بحال نہیں کیا گیاجس کے نتیجے میں حضرت شیخ نورالدین نورانی ؒکی زیارت پر آنے والے عقیدتمندوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق قصبے میں بجلی کے کھمبوں کو سخت نقصان پہنچا ہے۔مقامی شہری ایڈوکیٹ جاوید حبی نے بتایا کہ قصبے میں روزانہ ہزاروں عقیدتمند زیارت پر تشریف لاتے ہیں لیکن شام ہوتے ہی قصبے میں اندھیرا چھا جاتا ہے۔ادھرکانہامہ ریلوے کالونی میںبھی حالیہ برف باری کے بعد بجلی سپلائی کی عدم دستیابی سے لوگوں میں متعلقہ محکمہ کے خلاف ناراضگی پائی جارہی ہے۔محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ حالیہ برف باری کی وجہ سے چاڈورہ ٹرانسمشن لائن کو نقصان پہنچا تھا جس کی وجہ سے بجلی سپلائی متاثر ہوگئی تھی۔