چاڈورہ میں ڈگری کالج کے قیام میں تاخیر

سرینگر//اپنی پارٹی کے لیڈر فاروق اندرابی نے چاڈورہ میں ڈگری کالج کے قیام کیلئے صوبائی کمشنر کشمیر پنڈورانگ کے پولے سے مداخلت کرنے کی مانگ کی ہے۔ فاروق اندرابی نے صوبائی کمشنر سے ملاقات کی اور کہا کہ چاڈورہ میں ڈگری کالج قائم کرنے کے لئے محکمہ مال اور میونسپل کمیٹی چاڈورہ نے 25کنال اراضی کی پہلے ہی نشاندہی کر لی ہے لیکن قانونی لوازمات میں تاخیر کی وجہ سے ابھی تک محکمہ اعلیٰ تعلیم کو اراضی کی منتقل نہیں ہوئی جس وجہ سے کالج کی تعمیر شروع نہیں ہوسکی۔ انہوںنے کہاکہ ڈگری کالج ایک دیرینہ مانگ رہی ہے کیونکہ چاڈورہ اور مضافاتی علاقہ جات کے ہزاروں طلاب کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ فاروق اندرابی نے چاڈورہ کیلئے منظورشدہ بس ٹرمینل کا معاملہ بھی اُجاگر کیا اور صوبائی کمشنر کو بتایاکہ اِس مقصد کیلئے 35کنال اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے لیکن تعمیری کام شروع ہونا باقی ہے۔ بس ٹرمینل کی مفصل پروجیکٹ رپورٹ(ڈی پی آر)بھی حکومت کے پاس جمع کر دی گئی ہے ۔اندرابی کے مطابق چاڈوروہ میں مذکورہ دونوں اہم پروجیکٹوں پر جلد کام شروع کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے صوبائی کمشنر کشمیر نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
 

حدمتارکہ پرآر پار گولہ باری عوام کُش : اپنی پارٹی 

سرینگر//اپنی پارٹی نے جموں وکشمیر میں حد متارکہ پر جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فائربندی کا مطالبہ کیا ہے۔ سید محمود اور ریاض محمود نے مشترکہ پریس بیان میں کہا ہے کہ لگاتار فائربندی خلاف ورزیوں کی وجہ سے سرحدی علاقوں کے نزدیک رہنے والے ہزاروں کنبوں کی حالت قابلِ رحم ہے۔ دونوں ممالک کے سربراہان سے جموں وکشمیر کی سرحدوں پر امن وسکون یقینی بنانے کی اپیل کرتے ہوئے لیڈران نے کہاکہ’’اوڑی کے حاجی پیر سیکٹر میں ایل او سی پر دن بھرجاری رہنے والی فائرنگ ، بھاری شلنگ سے ٹورنا ، ہاتلانگا ، چورنڈا اور گوہلان گاؤں کے مکینوں میں خوف ودہشت کا ماحول ہے، جمعرات کو راجوری میں ایل او سی پر ایک سپاہی مارا گیا، یہ صورتحال عوام کے مفادات میں نہیں ہے‘‘۔ انہوں نے کہاکہ وجوہات کچھ بھی ہوں لیکن فائر بندی خلاف ورزیاں دونوں ممالک کی خوشحالی، سلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سرحدی کشیدگی کا راست نقصان جموں وکشمیر خاص طور سے سرحدوں کے قریب رہنے والے لوگوں کو اُٹھانا پڑ رہا ہے جوکہ بندوق کے سائے میں جینے پر مجبور ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ ملکی قیادت کو سرحدوں پر امن قائم کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کرنے چاہئے ۔