چارگھپلہ: لالو یادو کو پانچ سال قید، دس لاکھ جرمانہ

رانچی// سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے آج بہار کے سابق وزیر اعلی اور آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو کو پانچ سال قید او ردس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔انہیں یہ سزا چائے باسا خزانہ سے 33.62کروڑ روپے غلط طریقے سے نکالنے کے تعلق سے چارہ گھپلہ کے مقدمہ نمبرآر سی 68میں سنائی گئی ہے ۔ خصوصی سی بی آئی جج ایس شنکر پرساد کی عدالت نے تعزیرات ہند کی دفعہ 120بی، 409,420,467, 468,471اور 477کے تحت مسٹر یادو کو پانچ سال قید اور پانچ لاکھ جرمانے کی سزا سنائی۔ اسی کے ساتھ عدالت نے پی سی ایکٹ کی دفعہ 12(2)کے تحت بھی ان پر پانچ لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ اس دفعہ کو 13(1)(c)اور (d)کے ساتھ پڑھاجائے ۔دونوں سزائیں جج کے فیصلے کے مطابق ساتھ ساتھ چلیں گی۔مسٹر یادو کے علاوہ عدالت نے اس مقدمہ کے دیگر 49ملزمان کو بھی سزا سنائی۔قبل ازیں آج ہی عدالت نے 56ملزمین میں سے 50ملزمین کو خاطی قرار دیا۔ چھ ملزمین بری کردیئے گئے جن کے نام سیماکمار، رام اوتار شرما، وملا شرما، رام پرکاش رام، سکھدیورام اور مکیش کمار سریواستو ہیں۔