پی ڈی پی ضلع صدر کا بھاگواہ کھڑوت دورہ

 ڈوڈہ//جموں کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر ضلع ڈوڈہ شہاب الحق بٹ نے ڈوڈہ کے علاقہ بھاگواہ کھڑوت کا دورہ کر کے حالات اور عوامی مسائل کا جائزہ لیا اس موقع پر پارٹی عہدے داران کارکنان و عوامی وفود سے ملاقات کے دوران عوام نے اُن کو محکمہ دیہی ترقی بلاک بھاگواہ میں کئے ہوئے کاموں کی اُجرت واگذار کرنے اور گاوئں کے درمیان بجلی کی ترسیلی لائن سے ہونے والے نقصان اور دیگر مسائل پر بات کی ۔شہاب الحق بٹ نے اِن لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ اجرتوں کی واگذاری ، ترسیلی لائن کو ہٹانے و دیگر مطالبات پر اعلیٰ حکام سے بات کریں گے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آنے والے مستقبل ہیں اس لئے اُن کو خود بھی اور دوسرے لوگوں کو بھی سماجی بُرائیوں خاص کر منشیات سے خود کو بچانا ہوگا اور خود بھی دور رہنا ہوگا۔ انہوں لوگوں کو ڈیری (دودہ) مرغی پالن، کیرم کشی، باغبانی، بھیڑ پالن شعبوں پر خصوصی توجہ دینے کی اپیل کی اور کہا کہ خود روزگار ، حلال رزق سے انسان کے اندر جو اعتماد بڑھتا ہے وہی انسان ملک و قوم کا اثاثہ ہوتا ہے اور ہم کو افرادی قوت درکار ہے۔ انہوں نے لوگوں بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تعلیم خاص کر فنی (ٹیکنیکل) تعلیم پر توجہ دیں ۔ شہاب الحق بٹ نے کہا کہ ہماری حکومت نے تین برسوں میں جو کچھ کیا وہ ہم عوام کے سامنے لائیں گے اور جو کچھ کرنے کا ارادہ ہے وہ بھی عوام کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے ڈوڈہ کالج کے حوالے سے سیول سوسائٹی کے مطالبات پر کہا کہ عنقریب ڈوڈہ کالج میں P G   کلاسیں شروع ہو جائیں گی اور اس کے علاوہ بھی میری توجہ تعلیم پر ہے اور میرا مشن ڈوڈہ میں RUSA   کے تحت یونیورسٹی، علحیدہ  JKBOSE  زنانہ کالج و موجود تعلیمی اداروں کو اعلیٰ و معیاری اِدارے بنانا ہے تاکہ ہم دنیا میں درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کر سکیں۔ عوامی حلقوں نے شہاب الحق بٹ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا ڈوڈہ دورہ کے دوران عوامی مسائل سن کر اُن کو پورا کرنے کے لئے بھی شکریہ ادا کیا   ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سینئر لیڈران جن میں شیخ طارق، سجاد حسین ، فاروق احمداور دیگر بھی شامل تھے ۔ اس موقعہ پر کئی پارٹیوں کے ورکران نے پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی جن میں محمد امین میر، عبداﷲ میر، فردوس احمد میر، داور حسین میر،اعجاز احمد، محمد ایوب،شبیر احمدو دیگر شامل تھے۔