پی ڈی پی سرکار کورپشن میں غرق :ساگر

سرینگر//کشمیری عوام کے مفادات اور احساسات کے دفاع کو نیشنل کانفرنس کا ایمان قرار دیتے ہوئے ممبر اسمبلی خانیار علی محمد ساگر نے حکمران جماعت پی ڈی پی پر’’کورپشن میں غرق ‘‘ ہونے کا الزام عائد کیا۔نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے کہ انکی جماعت نے روز اول سے ہی ریاستی عوام کے مفادات،احساسات اور جمہوری و آئینی حقوق کا دفاع اور پاسبانی کی ہے۔درگاہ حضرت بل میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی محمد ساگر نے پی ڈی پی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ جماعت ہر سطح پر عوامی مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ اور اہل نوجوانوں کے حقوق پر شب خون مارا جا رہا ہے،جبکہ’’خاتون وزیر اعلیٰ عوامی منڈیٹ کھو چکی ہے‘‘۔ ساگر نے مسئلہ کشمیر کو افہایم و تفہیم سے حل کرنے کی وکالت کرتے ہوئے سرحدوں کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر دونوں ملکوں کی  فوج آمنے سامنے ہیں،جبکہ سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر کی نقل مکانی باعث تشویش ہیں۔