پی ڈی پی ریاست کے تمام مسائل کا واحد حل:شہاب الحق

ڈوڈہ//پی ڈی پی ضلع اکائی ڈوڈہ نے ضلع صدر ڈوڈہ شہاب الحق کی صدارت میں پارٹی کا یوم تاسیس منایا جس میں مندوبین نے کارکنان سے خطابات کئے۔اپنے خطاب کے دوران شہاب نے ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست سیاسی غیر یقینی اور بحرانی صورت حال سے دو چار ہے اور اس کی ذمہ دار استحصالی سیاسی جماعتیں ہیں۔ شہاب نے کہا کہ خطہ چناب میں جو بی جے پی مسلط ہوئی ،اسکی ذمہ دار نیشنل کانفرنس ہے اور پھر باقی ماندہ کسر کانگریس نے پوری کی اور ریاست کو تباہی کے دہانے پر لاکے کھڑا کردیا ۔شہاب نے کہا کہ اگر نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے عوام کا استحصال نہ کیا ہوتا تو آج ریاست میں مذہبی منافرت کی سیاست نہ ہوتی اور نہ ہی بی جے پی ہم پر مسلط ہوتی۔ شہاب نے کہا کہ مرحوم مفتی محمد سعید نے پی ڈی پی کی بنیاد اسی لئے رکھی کہ استحصالی سیاست اور مذہب کے نام پر نفرت پھیلا کر سیاست کرنے اور چند سکوں کی خاطر سیاست کرنے والوں کا قلع قمع ہو ۔شہاب نے کہاکہ پی ڈی پی واحد جماعت ہے جو پیسے کی سیاست اور مذہب کی بنیاد پر سیاست کرنے پر یقین نہیں رکھتی۔شہاب نے کہاکہ پی ڈی پی کا منشور ہے کہ وہ ریاست کی یکساں ترقی میں یقین رکھتی ہے اور اس جماعت نے کبھی بھی گھٹیا مقاصد کی سیاست نہ کی ہے اور نہ ایسا ہو نے دے گی۔ انہوںنے پارٹی کارکنان پر زور دیاکہ وہ زمینی سطح پر پارٹی کو مضبوط کریں اور عوام و خطہ کی خاطر اپنے آپ کو وقف کریں۔ شہاب نے مزید کہا کہ میرا مقصد خطے کی یکساں ترقی ہے اور بلا لحاظ مذہب و ملت عوام کی ترقی ہے اور میں نے خود کو اس کام کے لئے وقف کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ کٹھن کام ہے لیکن ہمیں کوشش کرتے رہنا چاہئے۔ اس موقعہ پر جن کارکنان نے خطاب کیا ان میں ریاض حسیں منٹو ، عبدالحفیظ وانی، غلام محمد نائیک، فاروق حسین زرگر ، حسام الدین، ریاض احمد ،سجاد حسین کھوکھر وغیرہ شامل تھے۔