سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے اتوار کو پارٹی کے رہنمائوں،جن میں سابق ارکان قانون سازیہ بھی شامل ہیں، کو سرکاری کوارٹروں سے زبردستی بیدخل کرنے پر لیفٹینٹ گوررنر سے مداخلت کی اپیل کی۔محبوبہ نے الزام لگایا کہ انتظامیہ پی ڈی پی رہنمائوں کو انتخاباًنشانہ بنارہی ہے اور ان کو سرینگر میں سرکاری رہائشی سہولیات سے باہر نکالا جارہا ہے اور کوئی متبادل رہائش بھی فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔سابق وزیراعلیٰ نے متنبہ کیا کہ وہ لیفٹینٹ گورنر انتظامیہ کو’’اُنہیں کوئی گزندپہنچنے ‘‘ پر موردالزام ٹھہرائے گی۔محبوبہ مفتی نے لیفٹینٹ گورنرکے نام ایک مکتوب میں کہا’’پی ڈی پی رہنمائوں اور سابق ممبران اسمبلی کو انتخاباًنشانہ بنانے پر میں کافی فکر مند ہوں۔اس وقت جب کہ جنگجویت ایک بار پھر عروج پر ہے ،انہیں سرینگر میں سرکاری رہائشی سہولیات سے بے دخل کیا جارہا ہے اور کوئی متبادل رہائشی سہولیات بھی فراہم نہیں کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پارٹی رہنمائوں کی انہیں معقول حفاظت فراہم کرنے،تاکہ وہ اپنے گائوں میں رہائش اختیار کریں، کی درخواستوں کے باوجود انہیں حفاظت سہولیات فراہم کرنے سے انکار کیا گیا،جس کی وجہ سے معاملات مزید ابتر ہوگئے۔ پی ڈی پی سربراہ نے اپنے مکتوب میں کہا ،’’ریاستی انتظامیہ نے جنگجوئوں کی موجودگی کو انہیں حفاظتی سہولیات فراہم کرنے کو رد کرنے کی وجہ ظاہر کیا ہے ۔لیکن اُسی انتظامیہ کو انہیں سرکاری رہایش گاہوں سے بیدخل کرنے میں کوئی پس وپیش نہیں ہے اور دانستہ طور انہیں خطرے میں ڈالا جارہا ہے۔‘‘وادی میں نئے منتخب پنچایتی اور شہری بلدیاتی اداروں کے ممبران کی ہلاکت کاحوالہ دیتے ہوئے محبوبہ نے کہا ،کہ یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے کہ حال ہی میں ہم نے دیکھا کہ کس طرح منتخب نمائندوں کو نشانہ بنایا گیااوریہاں تک انہیں قتل بھی کیاگیاکیوں کہ وہ آسان ہدف ہیں خاص طور جب انہیں معقول حفاظتی سہولیات بھی فراہم نہ ہو۔پی ڈی پی صدر نے کہا ،’’مجھے یہ بات آپ کی نوٹس میں لانی ہے کہ پی ڈی پی کے سابق ممبراسمبلی ظہورمیر جنگجویت کے خود شکار ہیں ۔ان کے والد (سابق ایم ایل اے عبدالعزیزمیر) کودسمبر2002میں جنگجوئوں نے گولی مار کر ہلاک کیا۔انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں مجھے حیرانی ہوتی ہے کہ ایک طرف نئے سیاستدانوں کو ہرطرح کی سہولیات بمعہ حفاظتی سہولیات کے تاکہ وہ جموں کشمیرمیں نقل وحمل کرسکے،فراہم کی جارہی ہیں اور دوسری طرف پی ڈی پی کے ممبران کو حقیر جانا جاتا ہے ۔یہ ایسا ہے کہ جیسے انتظامیہ انہیں جان بوجھ کر خطرے میں ڈال رہی ہو۔انہوں نے لیفٹینٹ گورنر سے اس سلسلے میں مداخلت طلب کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور مناسب اقدام کئے جائیں ۔محبوبہ نے کہا کہ اگر ان کے پارٹی کے آدمیوں کو کوئی گزند پہنچی تو اس کیلئے انتظامیہ ذمہ دار ہوگی۔
پی ڈی پی رہنمائوں کی سرکاری رہائشی سہولیات سے بے دخلی
