پی ڈی پی راجیہ سبھا ممبر کا وزیراعظم کو مکتوب

سرینگر//پی ڈی پی کے رکن پارلیمان فیاض احمد میر نے دہلی کے تہاڑ جیل میں تختہ دار پر چڑھائے جانے والے2کشمیری مزاحمتی لیڈروں محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کے باقیات کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعظم ہند نریندر مودی کے نام مکتوب روانہ کیا۔پی ڈی پی کے راجیہ سبھا کے ممبر فیاض احمد میر نے پیر کو ایک مکتوب وزیر اعظم ہند نریندر مودی کے نام روانہ کیا،جس میں کہا گیا کہ سوپور کے سیر جاگیر علاقے میں افضل گورو کی قبر اس کا انتظار کر رہی ہے۔خط میں تحریر ہے’’ سوپور کے سیر جاگیر میں محمد افضل گورو کی تختی انکے باقیات کے بغیر لگی ہوئی ہیںاور ملک کی عظمت کے انتظار میں ہے کہ ایک دن افضل گورو کے اس جسد خاکی کو اُن کے اہل خانہ کو سپرد کیا جائے گا،جس کو تہاڑ جیل میں سپرد خاک کیا گیا ہے‘‘۔ ممبر پارلیمنٹ فیاض احمد میر کی طرف سے روانہ کئے گئے مکتوب میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید نے بھی اُس وقت کے وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ایک خط روانہ کیا تھا،جس میں محمد افضل گورو کے جسد خاکی کواُن کے اہل خانہ کو سپرد کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ فیاض میر نے مفتی محمد سعید کے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’’ باقیات کی واپسی سے نہ صرف گوروں کے اہل خانہ کے درد اور کسک میں کچھ کمی ہوگی،بلکہ کشمیریوں اور ملک کے درمیان نفسیاتی سطح پر خلیج پاٹنے کیلئے پل کا راستہ بھی بنائے گی اور پی ڈی پی کا آج بھی وہی موقف برقرار ہے‘‘۔ فیاض احمد میر نے وزیر اعظم ہند کے نام  مکتوب میں مزید کہا کہ جس ملک میں وزیر اعظم کے قاتلوں کو معافی دی جاتی ہے اور اُن کی سزائے موت کو تبدیل کیا جاتا ہے، میں نہیں سمجھتا کہ دو کشمیریوں کے باقیات اُ ن کے اہل خانہ کو سپرد کرنا کوئی ناپسندیدہ عمل ہیں۔