مینڈھر //پی ڈی پی لیڈر معروف خان نے کہا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی تعمیر وترقی کی واحد ضامن ہے ۔اسمبلی حلقہ مینڈھر کے سنگیوٹ علا قہ میں عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کی سابقہ مخلوط حکومت کے دورمیں دیہی علا قوں کی عوام کو سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔اس دوران سنگیوٹ علا قہ کی دو پنچایتوں کی عوام نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ لگ بھگ 8ہزار کی آبادی والی سنگیوٹ اور چنڈیال پنچایتوں میں پی ڈی پی کے دور حکو مت میں کچھ بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ اس سے قبل اس پسماندہ علا قہ کی تعمیر وترقی کی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علا قہ میں پینے کے صاف پانی کی اسکیموں کو فعال بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل حل ہو سکیں ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ علا قہ میں ہائر سکینڈری سکول نہ ہونے کی وجہ سے ان کے بچوں کو روزانہ کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے دھوڑیاں یا دیگرسکولوں میں جانا پڑتا ہے جبکہ لڑکیوں کی تعلیم صرف سکینڈری سطح تک ہی محدود رہتی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سنگیوٹ علا قہ میں ہائر سکینڈری سکول قائم کر نے کیساتھ ساتھ محکمہ پی این جی ایس وائی اسکیم کے تحت بنائی جارہی سڑکوں کی حالت بہتر بنائی جائے تاکہ عوام کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔انہوں نے کہاکہ گائوں میں بجلی کی تاریں سبز درختوں کیساتھ باندھی گئی ہیں جبکہ اس پسماندہ علا قہ میں بجلی نظام کی بہتری کیلئے کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔پی ڈی پی لیڈر نے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ان کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر سے بات کی جائے گی تاکہ پسماندہ علاقوں کی عوام کو بنیادی سہولیات میسر کروائی جاسکیں۔
پی ڈی پی تعمیر و ترقی کی واحد ضامن :معروف خان
