’پی ڈی پی اور آر ایس ایس کے عزائم ناپاک‘

سرینگر// ریاست کو تباہی اور بربادی کی طرف گامزن کرنے میں قلم دوات والوں کا بدترین اور سیاہ رول جاری ہے، اس کے ساتھ ساتھ قلم دوات والے آر ایس ایس کو ریاست کا مسلم کریکٹر مسخ کرنے میں بھی ہرسطح پر معاونت اور سازشوں میں ہر سطح پر مصروف ہے اس لئے اہل کشمیر کو متحد ہو کر قلم دوات اور ملک کی بدترین مسلم دشمن عناصر جماعت آر ایس ایس کے ناپاک عزائم اور کشمیر دشمن پالسیوں کے خلاف صف آرا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس سینئر لیڈر اور سابق وزیر و ایم ایل اے کنگن میاں الطاف احمد نے کنگن، گنڈ ، وغیرہ کے چناوی اجلاسوں سے پارٹی عہدیداراں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے ساتھ ساتھ ریاست میں بھی فرقہ پرست کا جال بچھایا جارہا ہے جو ریاست کی سالمیت ، انفرادیت اور وحدت کے لئے خطرہ ہے کیونکہ اس فرقہ پرست جماعت کو کشمیریوں نے گزشتہ 70سال کے دوران ریاست میں پاؤں جمانے کی اجازت نہ دی لیکن بد قسمتی سے مفتی محمد سعید نے اقتدار کی خاطر اور قلم دوات کے بھوکوں نے انہیں ریاست میں اقتدار کا ساجیدار بنا کر کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ۔افسوس اس بات کا ہے کہ بی جے پی کے کٹر فرقہ پرست جو اس وقت ریاست کے بڑے عہدوں پر بحثیت وزیر بھی ہے ،نے جموں کے مفلس اور نادار گوجر بستیوں کو اجاڑ ڈالا اور ان کو اپنی ملکیتوں سے محروم کر دیا تو بھی ہمارے مہربان مسلمان وزراء خاموش رہے حتاکہ موجودہ وزیر اعلیٰ نے بھی  لب کشائی نہ کی ۔انہوںنے  وسطی کشمیر اور جنوبی کشمیر کے ووٹران سے اپیل کی کہ وہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرکے جنوبی کشمیر جی اے میر کو بھی کامیابی سے ہم کنار کریں۔