پی ڈی پی اندروال کا وفد ضلع آفیسران سے ملاقی

 کشتواڑ //حلقہ انتخاب اندروال کے پسماندہ علاقہ جات کیتھر و منگتھلہ سے آئے وفود نے ضلع صدر مقام پر پیوپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ضلع صدر کشتواڑ شیخ ناصر کی سربراہی میں کئی آ فیسران سے ملاقات کرکے متعلقہ علاقہ جات میں درپیش مسائل ان کے سامنے رکھے اور ان کے فوری حل پر زور دیا۔وفد ڈپٹی کمشنر انگریز سنگھ رانا، ضلع ایس پی ابرار چوہدری،ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈی ڈی روشن لعل بھگت، اسسٹنٹ کمشنر  رینیو اندرجیت پریہار ،ضلع پنچائت آفیسر سنیل بھوتیال ، چیف ایجوکیشن آفیسر جاوید کچلو و دیگر آفیسران سے ملا۔ وفد نے جہاں کیتھر ہائی اسکول اور پرائمری سکول میں تدریسی عملہ کی حاضری کو یقینی بنانے کی مانگ کی وہیں انہوں نے علاقہ میں فوری طور بجلی کے نظام کو درست کرنے اور بہلوٹ اور لیہان سمیت دیگر علاقوں میں ٹرانسفارمر نصب کرنے پر بھی زور دیا۔منریگا سکیم میں بقایا اجرتوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ نئے سینیٹری کمپلکس کی فوری تعمیر پر بھی متعلقہ آفیسر کے سامنے مانگ کی۔ وفد نے التواء میں پڑے ز مینوں کے معاوضے کی فائلوں کو بھی جلد از جلدمکمل کرنے کی مانگ کی۔ وفد میں شامل ٹھاکراے کے افراد نے شنا سڑک پر جلد ہی تعمیر کا کام شروع کرنے کی مانگ کی۔تمام آفیسروں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات کو پورا کرنے کی نسبت اقدامات اٹھائے جا ئیں گے۔ وفد میں دیگر لوگوں کے علاوہ پی ڈی پی کے بلاک صدر عابد ملک، اختر حسین میر، دائود چوہدری، منظور الہیٰ ، کاشف حسین شاہ، طارق شاہ، رشید راتھر اور طارق ملک شامل تھے۔