سرینگر/پی ڈی پی، این سی اور کانگریس پر برستے ہوئے پیپلز کانفرنس کے چیئر مین سجاد لون نے جمعہ کو کہا کہ مذکورہ پارٹیوں کے ''گرانڈ الائنس' ' کا مقصد اُس کی قیادت والے' 'تھرڈ فرنٹ' ' کواقتدار سے باہر رکھنا تھا۔
سجاد لون نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران الزام عاید کیا کہ پی ڈی پی، این سی اور کانگریس کسی بھی گروہ کو پنپنے کا موقع نہیں دیتی ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران پی ڈی پی کے باغی، عمران انصاری بھی اُن کے ساتھ تھے۔
سجاد لون نے کہا''مجھ پر بھاجپا کے ساتھ الائنس کرنے کا الزام ہے، یہ کوئی جرم نہیں ہے۔بھاجپا کے ساتھ رشتہ جوڑنے کا آغاز عمر عبد اللہ سے ہوا جو سابق واجپائی حکومت کے پوسٹر بوائے تھے۔ اور محبوبہ مفتی تو بھاجپا کی مدد سے ہی تین سال تک اقتدار میں رہیں''۔
یاد رہے کہ ریاستی گورنر نے گذشتہ بدھ کو اچانک ریاستی اسمبلی تحلیل کرنے کے احکامات صادر کئے۔ اس سے قبل محبوبہ اور سجاد نے حکومت بنانے کیلئے الگ الگ دعویٰ پیش کئے تھے۔محبوبہ کو اُن کے دعویٰ کے مطابق این سی اور کانگریس جبکہ سجاد کو بھاجپا اور اُن کے بقول مزید18ممبران اسمبلی کی حمایت حاصل تھی۔
سجاد نے دعویٰ کیا کہ اگر اُنہیں اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کا موقع دیا جاتا تو وہ ضرور کامیاب ہوجاتے۔