پی ڈی سی بورڈ آف ڈائریکٹرس کی میٹنگ

جموں//گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں راج بھون میں جموں و کشمیر سٹیٹ پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی 74ویں میٹنگ منعقد ہوئی ۔ریاست میں 20ہزار میگاواٹ پن بجلی کی پیداوار کی گنجائش کے مدنظر ، جس میں سے چناب، جہلم ، راوی اور سندھ دریائوں پر 16,475 میگاواٹ صلاحیت والے پروجیکٹوں کی پہلے ہی نشاندہی کی جاچکی ہے ، گورنر نے پروجیکٹوں کی عمل آوری پر زور دیا تاکہ ریاست میں پن بجلی سیکٹر کے فروغ کو یقینی بنایا جاسکے۔گورنر نے کہا کہ ریاست میں دریائوں میں موجود پن بجلی کی پیداواری صلاحیت کو بروئے کار لانے سے نہ صرف ہماری ضروریات پورا ہوں گی بلکہ ہم دوسری ریاستوں کو بھی بجلی فراہم کرسکیں گے ۔ گورنر نے اِس ضمن میں فراہم کی جانے والی رقومات کے منصفانہ استعمال پر زور دیا۔ محکمہ بجلی کے اِنتظامی سیکرٹری ہردیش کمار سنگھ نے اس موقعہ پر جے کے ایس پی ڈی سی کی وساطت سے عملائے جارہے پروجیکٹوں کے بارے میں ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کی۔ اُنہوں نے کہا کہ سال 2018-19کے دوران کارپوریشن نے 5188.06 ملین یونٹ توانائی پیدا کی جس کی وجہ سے 1406.59کروڑ روپے کی آمدن حاصل ہوئی۔میٹنگ کے دوران بورڈ آف ڈائریکٹرس نے کارپوریشن کے سال 2014-15 ء کے سالانہ کھاتے اور سال 2019-20  کے مالی بجٹ کو منظوری دی ۔