پی ڈی ایف کا بلدیاتی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ

 سرینگر// پی ڈی ایف کے سربرا ہ اور ایم ایل ائے خانصاحب حکیم محمد یاسین نے کہا ہے کہ اگرچہ مُنتخب شُدہ بلدیاتی اداروں کا قیام زمینی سطح پر ترقیاتی عمل کیلئے لازمی ہے البتہ ریاست میں موجودہ ابتر سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر مجوزہ بلدیاتی انتخابات کو عمل میں لانا کوئی دانشمندانہ قدم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی موجودہ سیکورٹی صورتحال کو دیکھتے ہوئے خدشات ظاہرکئے جارہے ہیں کہ یہ مجوزہ انتخابی عمل کہیں معصوم انسانی جانوں کا زیاںاور تشدد آمیز واقعات کیلئے کسی نئے پُر تشدد دور کا موجب نہ بنے۔پی ڈی ایف کے مرکزی دفتر واقع سرینگر میں پارٹی کی کور گروپ میٹنگ میں بولتے ہوئے حکیم یاسین نے کہا کہ موجودہ نا مساعد سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر بہتر یہی ہوگا کہ تب تک بلدیاتی انتخابات کو موخر کیا جائے جب تک وادی میں سیکورٹی کے لحاض سے بہتر نہ ہو۔اُنہوں نے کہا کہ ریاستی قانون سازیہ کے التوا میں ہونے کی وجہ سے بھی کسی انتخاب کے بارے منصوبہ باندھنا کوئی باوزن اور دانشمندانہ فیصلہ نہیںہے۔ دفعہ 35Aکے بارے میں جاری بحث و مباحثے کا ذکر کرتے ہوئے حکیم یٰسین نے کہا کہ آئینی اور قانونی طور پر یہ دفعہ اتنا مضبوط ہے کہ دُنیا کی کوئی بھی طاقت اس کو ختم نہیں کر سکتی ہے۔