پی ڈی ایف امیدواروں کو ووٹ دیں

سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک فرنٹ نے خان صاحب بلاک کی تمام پانچ سرپنچ اورپچاس میں سے پنتالیس پنچ سیٹوں پربھاری اکثریت سے جیت حاصل کی ہے اور پارٹی کواب بڈگام کی ضلع ترقیاتی کونسل نشستوں پرجیت حاصل کرنے کی اُمید ہے ۔ان باتوں کااظہار پی ڈی ایف کے چیئرمین حکیم محمد یاسین نے پارٹی کے جیت حاصل کرنے والے پنچ اور سرپنچ امیدواروں اور ورکروں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حکیم یاسین نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بلاکوں کیلئے پیپلزڈیموکریٹک فرنٹ کے امیدواروں کے حق میں اپنے قیمتی ووٹ کااستعمال کرکے جموں کشمیرکی صدیوں پرانی سیکولرروایات اور اپنے متعلقہ علاقوں میں ترقیاتی عمل کوفروغ دینے میں عملی طور شراکت دار بنیں ،کنونشن کے دوران ضلع کی متعدداہم شخصیات نے پی ڈی ایف میں اپنی شمولیت کااعلان کیا۔پارٹی چیئرمین نے ان کا پارٹی میں شامل ہونے پروالہانہ استقبال کیا۔ حکیم یاسین نے کنونشن میں موجود پارٹی ورکروں اور پنجوں و سر پنجوں سے تلقین کی کہ وہ بے لوث ہوکر لوگوں کی خدمت کریں اور اپنے متعلقہ علاقوں میں ترقیاتی و بلدیاتی ضروریات کو پورا کرنے میں کلیدی رول ادا کریں۔ پی ڈی ایف چیرمین نے لوگوں کو ان فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والوں اور انتشار پسند عناصر کی شاطرانہ منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے امن پسند لوگوں کے ہاتھوں کو مضبوط کرنے کی تاکید کی۔