پی سی بی میں سیاسی مداخلت مسائل کی جڑ ہے: جاوید میانداد

  لاہور/ جاوید میانداد نے پی سی بی میں سیاسی مداخلت کو مسائل کی جڑ قرار دیدیا۔جاوید میانداد نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں سیاسی مداخلت مسائل کی اصل وجہ ہے، ایک اہل شخص صرف اپنے کام پر توجہ رکھتا اور ذمہ دار ہوتا ہے، مگر یہاں ہر حکومت اپنے بندے بٹھا دیتی ہے،ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہوتا، سیاسی حمایت سے آنے والے لوگوں کی توجہ صرف اپنی کرسیاں بچانے پرہوتی ہے، کرکٹ سے ناواقف لوگوں کی موجودگی میں فکسنگ سمیت خرابیاں سامنے آتی رہیں گی۔سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ فکسرز پر تو وہی ہاتھ ڈالے گا جو خود پاک صاف ہو،یہاں تو خود مشکوک ماضی والے افراد بورڈ میں بیٹھے ہیں۔ ایماندار اور انصاف پسند لوگ سامنے آئیں تو بدعنوانی کا سوچنے والے بھی کانپیں گے کہ ان کو کس طرح کے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، چورکسی سطح پر بھی ہوں، ان کو پکڑ کر سزائیں نہیں دیں گے تو فکسنگ کے واقعات سامنے آتے رہیں گے۔