پی ایچ ڈی چیمبر وفد سمیت متعددشخصیات لیفٹینٹ گورنر سے ملاقی | درپیش مسائل اور مشکلات سے منوج سنہا کو باخبر کیا

سرینگر//پی ایچ ڈی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریزوفد،کے این ایس خبررساں ادارے کے چیف ایڈیٹر سمیت متعدد وفود یہاں راج بھون میں لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقی ہوئے۔بلدیوسنگھ کی قیادت میں پی ایچ ڈی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے لیفٹینٹ گورنر سے ملاقات کرکے جموں کشمیرمیں اقتصادی سرگرمیوں کوبحال کرنے کیلئے ایک یاداشت پیش کی۔وفد کے ممبران نے جموں کشمیرمیں فوجی انٹرنیٹ کی بحالی اورمختلف سیکٹروں میں تعمیر وترقی کوبڑھاوادینے کیلئے کئے گئے اقدامات پر لیفٹینٹ گورنر کا شکریہ اداکیا۔وفد نے جی ایس ٹی ریٹرن کی ادائیگی کیلئے تاریخ میں توسیع کرنے ،اڑان اسکیم کے تحت رنگریٹھ اور اونتی پورہ ہوائی اڈوں کو لانے ،سولرپاورپالیسی سمیت متعددامورپر تبادلہ خیال کیا۔لیفٹینٹ گورنر نے وفد کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ یوٹی حکومت اقتصادیات کے تمام شعبوں میں اصلاحات کیلئے اقدام کررہی ہیں ۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی تجاویز پرغور کیا جائے گا۔اس دوران سماجی کارکن اور سیاسی مبصر عمادمخدومی نے بھی لیفتینٹ گورنر سے ملاقات کی۔اسی طرح کشمیرنیوزسروس کے ایڈیٹر ان چیف محمداسلم بھی ایل جی سے ملے اورذرائع ابلاغ کو درپیش مختلف مسائل منوج سنہا کے گوش گزار کئے.۔اس کے بعد چاڈورہ بڈگام کے ایک چاررکنی وفد نے سرپنچ محی الدین پال کی قیادت میں مختلف عوامی مسائل گورنر کی نوٹس میں لائے ۔ سرینگرمیونسپل کارپوریشن کے کارپوریٹر محمدعاقب شاہ رینزوکی قیادت میں ایک وفد بھی ایل جی سے ملا اور نوجوانوں سے متعلق مسائل اور ترقیاتی امور پر لیفٹینٹ گورنر سے تبادلہ خیال کیا۔ہارون رشید کھٹانہ کی قیادت میں لارنو کے ایک اور وفد نے لیفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی اور جموں کشمیرمیں ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی انتخابات منعقد کرکے جمہوری نظام کو مضبوط کرنے کیلئے ان کاشکریہ اداکیا۔ چھٹی سنگھ پورہ کے اہل وفد نے گیانی راجندرسنگھ کی قیادت میں ایل جی سے ملاقات کرکے علاقے کے مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔کشمیرہاوس بوٹ مالکان کا ایک وفد عبدالرشیدکلو کی قیادت میں ایل جی سے ملا اورسیاحتی شعبے سے وابستہ افراد کودرپیش مشکلات کی طرف ان کی توجہ مبذول کرائی۔جموں کشمیریوتھ سوسائٹی کے صدر بھی ایل جی سے ملے اور مختلف سماجی مسائل پر ان سے گفتگو کی۔ اس دوران سائیکلسٹ بلال احمدڈار نے لیفٹینٹ گورنر کو کھیل ڈھانچے کواَپ گریڈ کرنے کیلئے مختلف مسائل پر بات کی ۔اسی طرح مصورمنیرعلی خان نے آرٹ اور پینٹنگ سے متعلق مسائل لیفٹینٹ گورنر کے گوش گزار کئے ۔انہوں نے قبائیلی طبقے کی بہبود کیلئے کئے گئے اقدامات پرمنوج سنہا کاشکریہ اداکیا۔