پی ایچ ڈی سی سی آئی چیئرمین کی ممبئی میں عزت افزائی

سرینگر//پی ایچ ڈی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین مشتاق احمد چایاکو ’کشمیر کنیاکماری‘فائونڈیشن کی جانب سے بزنس لیڈرشپ سمٹ میں جموں کشمیر کیلئے بزنس لیڈرشپ ایوارڈ سے نوازاگیا۔چایا کو یہ اعزازجموں کشمیر میں تجارتی طبقے کی قیادت کرنے اوراپنی تجارت کو فروغ دینے کے اعتراف میں عطاکیاگیا۔ممبئی میں منعقدہ اس تقریب پر فائونڈیشن نے کشمیر سے کنیا کماری تک ریاستوں میں اتحاد کو فروغ دینے کے اپنے عزم کااظہار کیا۔نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنمااور ریاستی اسمبلی کے سابق اسپیکرمبارک گل اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے اور انہوں نے چایاکی اُن خدمات کو سراہاجوانہوں نے پرآشوب دورمیں جموں کشمیر میںسیاحت کو فروغ دینے کیلئے انجام دیں۔ اس موقعہ پر مبارک گل نے مجمع کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امرناتھ یاترا ہرسال ہوتی ہے اور انہیں کوئی پریشان نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ درحقیقت سال2014کے سیلاب کے دوران  جب یاتری سیلاب میں پھنس گئے تو کشمیری عوام نے اُنہیں بچانے میں اہم رول اداکیا اوراُن کی راحت کاری کیلئے اقدام کئے ۔ مبارک گل نے اس موقع پر بتایا کہ کشمیر سیاحت کیلئے ایک محفوظ ترین جگہ ہے  اور یہ پہلے ہی مسافروں کے دل میں بسی ہوئی ہے ۔وہ کشمیر کی سیر کرنے کیلئے مچل رہے ہیں کیونکہ کشمیر واقعتازمین پر جنت ہے ۔انہوں نے کہا کہ تاہم کشمیر کے بارے میں یہ غلط تاثر دیا جاتا ہے کہ یہ جگہ سیاحوں کیلئے محفوظ نہیں ہے ۔انہوں نے سبھی متعلقین پرزوردیا کہ وہ کشمیر کی کھل کر تشہیر کریں اور جتنی زیادہ معلومات وہ جموں کشمیر کے بارے میں دے سکتے ہیں وہ لوگوں کو فراہم کریں۔ اس موقعہ پر مشتاق احمد چایا نے کہاکہ یہ اعلیٰ اعزازحاصل کرتے ہوئے میری عزت افزائی ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز  میری ریاست کے اُن تمام لوگوں کو جاتا ہے جنہوںنے مشتاق گروپ آف ہوٹلزاینڈ ریزارٹس کو ایک عالمی سطح کا برانڈ بنانے کیلئے انتھک کام کیا۔انہوں نے ممبئی کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کی سیر پر آئیں اور انہیں یہ بھی بتایا کہ کشمیری لوگ مہمان نوازہیں ۔