پی ایچ سی سیری میں ایم بی بی ایس ڈاکٹر تعینات نہیں | لوگ مریضوں کو دیگر ہسپتالوں میں لے جانے پر مجبور

نوشہرہ //پرائمری ہیلتھ سنٹر سیری میں محکمہ صحت کی جانب سے کوئی بھی ایم بی بی ایس ڈاکٹر تعینات نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے علاج معالجہ کے سلسلہ میں لوگ مریضوں کیساتھ دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ اور اعلیٰ حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے پرائمری ہیلتھ سنٹر بھی مریضوں کیلئے جہاں معیاری بنیادی سہولیات دستیاب نہیں رکھی گئی ہیں وہائیں عملے کی بھی قلت پائی جارہی ہے ۔مقامی معززین و پنچایتی اراکین نے بتایا کہ انہوں نے کئی مرتبہ اعلیٰ حکام کو ڈاکٹروں کی قلت کی وجہ سے درپیش مسائل اور ان کی ترجیح بنیادوں پر تعیناتی کے سلسلہ میں کئی مرتبہ تحریری طورپر لکھا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے بطور وفود بھی ملا قاتیں کی گئی ہیں لیکن ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھاگیا ہے ۔انہوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس وقت عوام کو مریضوں کے ہمراہ ضلع کے دیگر سرکاری ہسپتالوں کیساتھ ساتھ نجی ہسپتالوں کا ر خ کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پرائمری ہیلتھ سنٹر سیری میں جلدازجلد ڈاکٹروں کی قلت کو دور کیا جائے تاکہ پسماندہ علاقہ کی عوام کوسہولیت مل سکیں ۔