نئی دہلی// وزیراعظم نریندر مودی پیر کو پردھان منتری کسان سمان ندھی (پی ایم۔کسان) یوجنا کے تحت مالی فوائد کی اگلی قسط جاری کریں گے ۔ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ منعقدہ اس پروگرام میں 9.75کروڑ سے زیادہ مستحق کسان کنبوں کو 19,500کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم منتقل جاسکے گی۔ پروگرام کے دوران وزیراعظم کسان مستفید افرادسے بات چیت کریں گے اور قوم سے بھی خطاب کریں گے ۔پی ایم۔کسان یوجنا کے تحت اہل مستحق کسان کنبوں کو چھ ہزار سالانہ کا مالی فائدہ دیا جاتا ہے اور اس مالی فائدہ کو 2000روپے کی تین قسطوں میں ہرچار مہینے میں دیا جاتا ہے ۔ رقم سیدھے مستحق افراد کے بینک اکاونٹ میں منتقل کی جاتی ہے ۔ اس اسکیم کے تحت اب تک 1.38لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم کسان کنبوں کے بینک اکاونٹوں میں منتقل کی جاچکی ہے ۔ اس موقع پر مرکزی وزیر زراعت بھی موجود رہیں گے ۔اسی دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے ہم وطنوں سے مقامی ہینڈلوم کی مصنوعات کو فروغ دینے کی اپیل کی ہے ۔ہینڈلوم کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہینڈلوم کی صنعت میں ہندوستان کا تنوع اور لاتعداد بنکروں اور کاریگروں کی مہارت نظر آتی ہے ۔ انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مقامی ہینڈلوم کی مصنوعات کو مستحکم کیا جانا چاہئے ۔ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ "ہینڈلوم میں ہندوستان کا تنوع اور بے شمار بنکروں اور کاریگروں کی صلاحیت ظاہر ہوتی ہے ۔ نیشنل ہینڈلوم ڈے ایک ایسا دن ہے جس میں 'میرا ہینڈلوم میرا فخر' کے جذبے کو پروان چڑھاکر ہمارے بنکروں کی مدد کے عزم کا اعادہ کیا جاتاہے ۔