جموں //گورنر کے مشیر کے سکندن نے آج ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سے پردھان منتری کسان سمان ندھی کے تحت مستحقین کی رجسٹریشن اور ضلع وار عداد و شمار جمع کرنے کے عمل کا جائیزہ لیا ۔ کمشنر سیکرٹری مال شاہد عنایت اللہ ، سیکرٹری ہارٹیکلچر منظور احمد لون ، ڈائریکٹر این آئی سی کے علاوہ مختلف محکموں کے سربراہان اور نوڈل افسران کے ساتھ ساتھ مختلف محکموں کے کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ تمام ضلعوں کے ترقیاتی کمشنروں نے میٹنگ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔ ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ بات چیت کے دوران مشیر نے اس سکیم کے تحت مستحقین کی رجسٹریشن کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے متعلقہ اضلاع میں مستحق کسانوں کے عداد و شمار کو حتمی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وضح کئے گئے فارمیٹ کے مطابق اس عداد و شمار کو پورٹل پر جلد از جلد اپ لوڈ کیا جانا چاہئیے ۔ مشیر نے متعلقہ افدسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس سکیم کی تیز تر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے خدو خال تیار کریں ۔ انہوں نے ڈائریکٹر این آئی سی کو ہدایت دی کہ وہ تمام ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ رابطہ قایم کر کے مستحقین کا ڈیٹا اپ لوڈ کرنے سے متعلق معاملات کو حل کریں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ کپواڑہ میں 112 دیہات میں سروے مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ اننت ناگ میں 18878 فارم وصول کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ راجوری ، بانڈی پورہ ، بڈگام ، کشتواڑ ، اودھمپور ، پونچھ ، کٹھوعہ ، سرینگر اور ریاسی میں بالترتیب 22806,18556,19000,1708,5200,5000,1200,3200 اور 15400 مستحقین کی نشاندہی کی جا چکی ہے ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ اس کام کیلئے مختلف ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں اور ہر ایک ضلع میں اہداف حاصل کرنے کیلئے گرام سبھاؤں کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے ۔ واضح رہے کہ پی ایم کسان کے تحت دو ہیکٹر قابلِ کاشت اراضی رکھنے والے کسانوں کو 6 ہزار روپے کی سالانہ مالی معاونت دو دو ہزار رپیوں کی تین قسطوں میں ادا کی جائے گی اور یہ رقم براہ راست مستحقین کے بنک کھاتوں میں جمع کرائی جائے گی ۔ مرکزی سرکار نے ریاست سے کہا ہے کہ وہ ضلع وار مستحقین کی فہرست پی ایم کسان پورٹل پر جلد از جلد اپ لوڈ کریں ۔