پی ایم کسان اسکیم میں کوتاہی کنگن کے ایگریکلچر افسران کی تنخواہ روکنے کا حکم

 ارشاد احمد

گاندربل// ضلع انتظامیہ گاندربل نے سب ڈویژن کنگن کے تمام زرعی توسیعی افسران (اے ای اوز)/ زرعی توسیعی معاونین (اے ای اے) کی تنخواہ اس وقت تک روکنے کا حکم دیا ہے جب تک کہ پی ایم کسان کے تحت اہداف کو 30 نومبر تک مکمل طور پر حاصل نہیں کیا جاتا۔یہ حکم ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر گاندربل مشتاق احمد سمنانی کو ڈپٹی کمشنر گاندربل کی طرف سے 26 نومبر کو کنگن سب ڈویژن میں پی ایم کسان سے متعلق کام کو بہتر تال میل اور جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے محکمہ زراعت اور ریونیو کی مشترکہ میٹنگ کرنے کی ہدایت کے بعد جاری کیا گیا۔اس روز تمام متعلقہ افراد کو طے شدہ میٹنگ کے لیے پیشگی مطلع کر دیا گیا تھا۔اس کے بعد ایس ڈی ایم کنگن، تمام تحصیلدار، نائب تحصیلدار، گرداور اور پٹواری موجود تھے لیکن وزیر اعظم کسان اسکیم کے اہم ذمہ داران ہونے کے باوجود محکمہ زراعت سے کسی نے بھی میٹنگ میں شرکت نہیں کی۔حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ سب ڈویڑنل ایگریکلچر آفیسر کنگن کو اس چارج سے فارغ کردیا گیا ہے اور ڈسٹرکٹ ایگریکلچر آفیسر (توسیع) گاندربل اگلے احکامات تک سب ڈویڑنل ایگریکلچر آفیسر کنگن کا چارج سنبھالیں گے۔مزید برآں، سب ڈویژنل مجسٹریٹ کنگن کو ہدایت کی گئی کہ وہ معاملے کی انکوائری کریں اور سات دنوں کے اندر پی ایم کسان کے تحت غیر مجاز غیر حاضری اور ناقص کارکردگی کے حوالے سے حقائق پر مبنی رپورٹ مثبت انداز میں پیش کریں۔