پی ایم جی ایس وائی کے خلاف ٹھاٹھری میں احتجاجی مظاہرہ

ڈوڈہ //پی ایم جی ایس وائی کی ناقص کارکردگی کو لے کر عوام نے پیر کے روز ایس ڈی ایم دفتر ٹھاٹھری کے باہر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ عرصہ دراز سے چیڑا سڑک زیر تعمیر ہے تاہم تعمیراتی ایجنسی کی نااہلی و متعلقہ حکام کی عدم توجہی سے کام تعطل کا شکار ہو چکا ہے اور تعمیر ہوئی سڑک خستہ ہوئی ہے۔ممبر پنچائت ناندنہ پرویز احمد کچلو کی قیادت میں مظاہرین نے پی ایم جی ایس وائی کی زیر نگرانی 2013 میں ٹھاٹھری چیڑا سڑک کا کام شروع ہوا ہے لیکن 8 برس گذر جانے کے بعد بھی مکمل نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑک کی عدم دستیابی سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور باالخصوص مریضوں، بزرگوں ومعذور افراد کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے میں دقتوں کا سامنا رہتا ہے۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے پرویز احمد کچلونے کہا کہ 8برسوں میں صرف 13 کلومیٹر کی کٹائی ہوئی ہے اور وہ بھی نامکمل ہے جبکہ پروجیکٹ کے مطابق 6 کلومیٹر سڑک کا کام ابھی بقایا ہے۔انہوں نے کہا کہ کاغذوں میں چھ میٹر سڑک دکھائی ہے مگر صرف 3 میٹر کی کٹائی کی گئی ہے۔احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ جو سڑک تیار ہے وہ بھی حالیہ تباہ کن بارشوں سے خستہ حال ہو چکی ہے اور مسافروں و عام راہگیروں کو سفر کرنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر دو دن میں تعمیراتی ایجنسی کو متحرک نہیں کیا گیا تو وہ بٹوت کشتواڑ شاہراہ پر احتجاج کریں گے۔اس دوران تحصیلدار ٹھاٹھری نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات کو اعلی حکام کی نوٹس میں لا کر ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی جس کے بعد مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کیا۔