بلال فرقانی
سرینگر//مرکزی معاونت والی سکیم’ وزیر اعظم دیہی سڑک یوجنا ‘کے تحت جموں کشمیر کے4 اضلاع میںمقرر شدہ ہدف کی تکمیل ایک چیلنج بن گیا ہے ۔ یوجنا کے تحت ہمہ موسمی سڑکوں کی تعمیر میں ریاسی، کشتواڑ،ڈوڈہ،بارہمولہ اور گاندربل کے علاوہ ادھمپور اضلاع میں ابھی تک ہدف مکمل نہیں ہوا ہے۔معاشیات و شماریات کی جانب سے مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق دسمبر2023تک ضلع ریاسی میں 287کلو میٹر ، ضلع کشتواڑ میں223کلو میٹر اور ضلع ڈوڈہ میں 233 کلو میٹر سڑکیں نامکمل ہیں۔ اعدادو شمار بتاتے ہیں کہ ضلع بارہمولہ میں121کلو میٹر،گاندربل میں48کلو میٹر، ادھمپور میں228کلو میٹر اور ضلع کھٹوعہ میں111کلو میٹراور راجوری میں 131کلو میٹر سڑکیں تعمیر کرنا باقی ہیں۔ دسمبر2023تک جاری رپورٹ کے مطابق ضلع جموں میں100کلو میٹر،بانڈی پورہ میں23،بڈگام میں41کلو میٹر اور رام بن میں49کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر باقی ہے۔دیہی سڑک یوجنا کے تحت 3 کروڑ 59 لاکھ 99 ہزار 754روپے پیشگی واگزار کرنے کو منظوری دی گئی ہے۔محکمہ تعمیرات عامہ نے اس سلسلے میں تمام کوڈل ضوابط کوپورا کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مد کے تحت اگر کوئی پیشگی ادائیگی کی جائے توپہلے مناسب طور پر محفوظ اور مناسب طریقے سے ضمانت دی جا نی چاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ۔ مذکورہ کام کو انجام دینے کے لیے مجاز اتھارٹی سے تکنیکی منظوری وانتظامی منظوری حاصل کرنی لازمی ہے۔ پہلی قسط میں99کروڑ45لاکھ72ہزار236جبکہ دوسری قسط کے تحت9کروڑ97لاکھ48ہزار658اور تیسری قسط کے تحت155کروڑ80لاکھ96ہزار156اور چوتھی و آخری قسط کے تحت4کروڑ97لاکھ47ہزار704روپے کی رقم کو واگزار کرنے کو منظوری دی گئی ہے۔جموں و کشمیر کے لیے پی ایم جی ایس وائی ،سوم پروگرام کے تحت 1,750 کلومیٹر پر محیط کل 233 سڑک پروجیکٹوں اور ان سڑکوں کے الائنمنٹ میں آنے والے 66 پلوں کو 2,245.46 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے اپ گریڈیشن کے لیے منظور کیا گیا ہے۔