پی ایم اے وائی سکیم کی فہرست سے نام خارج ہونے کا معاملہ

مینڈھر //پردھان منتری اواس یوجنا کے فہرستوں سے مستحقین کے نام خارج ہونے کے معاملہ کو لے کر کالابن کے لوگوں نے محکمہ دیہی ترقی وضلع انتظامیہ پونچھ کیخلاف شدید احتجاج کیا ۔اس دوران مستحقین نے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر اور اے ڈی سی پونچھ کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ملازمین کی ذاتی مداخلت پر ناموں کو خارج کیا گیا ہے ۔مظاہرین نے بتایا کہ پنچایتی اراکین کی مدد سے انہوں نے اپنے نام فہرستوں میں درج کروائے تھے لیکن فہرستیں جب واپس آئی تو ان میں سے زیادہ ناموں کو خارج کر کے کئی ایسے کنبوں کو شامل کرلیا گیا ہے جوکہ اس زمرے میں آتے ہی نہیں تھے ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین نے سیاسی اثر ورسوخ کا استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طورپر کئی ناموں کا اندراج کیا ہے ۔منور حسین ،محمد رفیق ،عبدالمجید اور محمد رمضان چوہدری وغیرہ نے بتایا کہ لوگوں کیساتھ ناانصافیاں کی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اب ملازمین اور متعلقہ محکمہ کمپیوٹر کا بہانہ بنا رہا ہے اور غریبوں کیساتھ کھلواڑ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔مظاہرین نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر ایک ہفتے میں اس غلطی کو درست کر کے مستحق لوگوں کو انصاف فراہم نہیں کیا گیا تو اس سلسلہ میں ایک بڑا احتجاج شروع کر دیا جائے گا ۔بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر نے بتایا کہ انہوں نے مرتب کردہ فہرستیں بھیجی ہیں لیکن زمینوں ،دیگر الیکٹر نک ساز و سامان کیساتھ ساتھ مرتب کردہ قاعدہ کے تحت نہ آنے والے کنبے خود ہی فہرستوں سے خارج ہوئے ہیں ۔