پی ایم اے وائی سکیم کی فہرست سے نام خارج کرنے کا معاملہ | اڑی پلیسر پنچایت کے مکینوں کا بی ڈی او دفتر کے سامنے شدید احتجاج

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی پنچایت اڑی پلیسر کے مکینوں نے محکمہ دیہی ترقی کیخلاف مینڈھر قصبہ میں شدید احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ پردھان منتری اواس یوجنا کے تحت غریبوں کو رہائشی مکانات فراہم کرنے کیلئے بنائی گئی فہرستوں سے محکمہ کے ملازمین نے ذاتی مداخلت کر کے کئی مستحقین کے ناموں کو خارج کر دیا ہے ۔پنچایتی اراکین کی موجود گی میں کئے گئے احتجاج کے دوران مستحقین نے بتایا کہ محکمہ پنچایت کے ملازمین نے مبینہ طورپر اپنے اثر ورسوخ والے لوگوں کو فہرستوں میں شامل کرنے کیلئے بڑی تعداد میں بی پی ایل زمرے کے لوگوں کو خارج کردیا ہے ۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کر دی سکیم کے تحت لوگوں کو رہائشی مکانات کی فراہمی کیلئے مستحقین کی فہرستیں بنا کر دفتر میں جمع کروائی گئی تھی لیکن محکمہ دیہی ترقی کے ملازمین نے ان فہرستوں کو تبدیل کر کے اپنی من مرضی کیساتھ لوگوں کو شامل کیا ہے ۔پنچایت کے سرپنچ و دیگر اراکین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پنچایتوں کو جہاں اختیارات دئیے جانے کی باتیں کی جارہی ہیں لیکن محکمہ دیہی ترقی کے ملازمین کی جانب سے غیر ضروری طورپر تعمیراتی عمل میں مداخلت کر کے نظام کو متاثر کیا جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ فہرستو ں سے مستحقین کے نام کو خارج کر کے ملازمین نے ایسے لوگوں کو شامل کیا ہے جن کے پہلے سے ہی پختہ مکانات موجود ہیں ۔انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ غیر قانونی عمل میں ملوث ملازمین کیخلا ف اگر کارروائی نہیں کی گئی تو اس سلسلہ میں بڑے پیمانے پر احتجاج شروع کیا جائے گا ۔بعد میں محکمہ کے آفیسران کی یقین دہانی پر احتجاج کر ختم کردیا گیا ۔