لاہور//پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے فاسٹ بولر محمد عرفان اور بیٹسمین شاہ زیب حسن کو پی ایس ایل کرپشن سکینڈل کے معاملے میں طلب کر لیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا امجد حسین نے بتایا کہ محمد عرفان کو آئندہ پیر کو طلب کیا گیا ہے جبکہ شاہ زیب حسن منگل کے روز اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوں گے۔امجد حسین کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان کے پاس موجود تمام تر تفصیلات اور معلومات سے اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کریں۔اگر یہ دونوں قصور وار پائے گئے تو انھیں باضابطہ طور پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں محمد عرفان نے اسلام آباد یونائٹڈ کی نمائندگی کی تھی جبکہ شاہ زیب کراچی کنگز کی ٹیم میں شامل تھے۔شاہ زیب حسن کے بارے میں کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا تھا کہ ان کو کلیئر کر دیا گیا ہے جبکہ محمد عرفان کے بارے میں بھی پہلے یہی بتایا گیا تھا کہ وہ بھی کلیئر کر دیے گئے ہیں تاہم بعد میں بتایا گیا کہ وہ کلیئر نہیں ہوئے ہیں اور ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرپشن اسکینڈل کے معاملے پر تین رکنی ٹریبونل بھی تشکیل دیا ہے لیکن ابھی تک اس بارے میں نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ہی ٹریبونل اپنا کام شروع کرے گا۔