راجوری //کوٹرنکہ کے علاقہ پیڑ ی کو جانے والی واحد سڑک کی حالت بیان سے باہر ہے جس کی وجہ سے ہزاروںکی آبادی بری طرح سے متاثر ہورہی ہے ۔ اس سڑک کو دیکھ کر یہ اندازہ ہوتاہے کہ متعلقہ حکام کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے وہ اس حوالے سے بے حس بنے ہوئے ہیں ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پیڑی علاقہ نیابت کادرجہ رکھتاہے جو مختلف پنچایتوں پر مشتمل ہے ۔یہاں ڈاک بنگلہ ، بلاک ڈیولپمنٹ ، پرائمری ہیلتھ سنٹر ، پولیس پوسٹ ، ہائراسکینڈری سکول ، جموں وکشمیر بینک برانچ سمیت کئی دفاتر بھی کھولے گئے ہیں جبکہ قبائلی طلباء کیلئے ہوسٹل کی تعمیرکاکام بھی جاری ہے ۔یہ علاقہ حلقہ انتخاب درہال میں واقع ہے جس کی نمائندگی پی ڈی پی کے سینئرلیڈر چوہدری ذوالفقار علی کرتے ہیں جو سابق حکومت میں کابینہ وزیر تھے ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ راجوری سے پیڑی جانے والی سڑک کھانڈلی پل سے شروع ہوتی ہے اور کھانڈلی سے بذریعہ کوٹھے دھار گگروٹ جاتی ہے ۔اگرچہ چند کلو میٹر پر تارکول بچھایاگیاہے تاہم گگروٹ سے پیڑ ی تک اس کی حالت انتہائی خراب ہے جس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ مقامی شہریوں توصیف احمد ، سچن دیو ، سنیت کماروغیرہ نے بتایاکہ سڑک کی موجودہ حالت اس قدر خراب ہے کہ اس پر جانوروں کو بھی نہیں چلایاجاسکتا اور ایسے حالات میں گاڑیوں کی آمدورفت کیسے ہوگی ۔تاہم انہوں نے کہاکہ اس حالت کے باوجود لوگ اسی سڑک سے سفر کرنے پر مجبور ہیں ۔ان کاکہناہے کہ متعلقہ حکام کی طرف سے انتہائی درجہ کی لاپرواہی برتی جارہی ہے اور اس علاقے کے عوام کو کوئی اہمیت نہیں دی جارہی نہیں تو سڑک کا یہ حال ہر گز نہ ہوتا۔انہوں نے کہاکہ سڑک کی خراب حالت سب ہر قسم کی مشکلات کاسامناہے اور طلباء و ملازمین اور دیگر لوگوں کو روزانہ ہی پریشان ہوناپڑتاہے ۔انہوں نے بتایاکہ مریضوں کو پی ایچ سی پیڑی سے ضلع ہسپتال راجوری منتقلی کے دوران بارشوں کے دنوں میں ناقابل بیان مشکلات درپیش رہتی ہیںاور مریضوں کو یاتو چارپائی پر یاپھر کاندھے پر اٹھاکر گگروٹ تک پہنچانا پڑتاہے ۔مقامی لوگوں نے اس سب کیلئے سیاسی قیادت اور متعلقہ حکام کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہاکہ سیاسی نمائندگان نے آنکھیں موندھ رکھی ہیں اور انہیں یہاں کے مسائل کی فکر ہی نہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکام کیلئے یہ بات باعث شرم ہے کہ اکیسویں صدی میں بھی وہ بہتر سڑک رابطے کی مانگ کررہے ہیںلیکن یہ جائز مانگ بھی پوری نہیں کی جارہی ۔ان کاکہناتھاکہ ریاستی گورنر ان کی آخری امید ہیں اور انہیں توقع ہے کہ وہ انہیں مایوس نہیں کریں گے اور آج تک انہیں اندھیرے میں دھکیلنے والوں کا احتساب کیاجائے گا۔ رابطہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے بتایاکہ متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سڑک کو قابل آمدورفت بنانے کے اقدامات کئے جائیں ۔وہیں ممبراسمبلی درہال چوہدری ذوالفقار علی کاکہناہے کہ اس علاقے میں روڈ نیٹ ورک کے اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے اور سڑک کی موجودہ حالت کی وجوہات متعلقہ حکام کی لاپرواہی و برسات کا موسم ہے ۔
پیڑ ی جانیوالی واحد سڑک کی حالت بیان سے باہر ،ترقی کے دعوے محض کاغذوں تک محدود
