پیٹرول ٹینکر کھائی میں گرا ڈرائیور جھلس کر لقمہ اجل

 محمد تسکین

بانہال // جموں سرینگر قومی شاہراہ پر جمعہ کی صبح قریب دس بجے رام بن کے بیٹری چشمہ علاقے میں پیش آئے حادثہ میںپیٹرول ٹینکر کا ڈرائیور جھلس کر ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے بتایا کہ پیٹرول ٹینکر زیر نمبر JK02BV/4585 بھارت پٹرولیم ڈیپو جموں سے سرینگر کی طرف جانے کے دوران بیٹری چشمہ کے نزدیک شاہراہ سے کم از کم 1500 فٹ گہری کھائی میں جاگرا۔

 

انہوں نے کہا کہ سڑک سے نیچے گرتے ہی پیٹرول ٹینکر نے آگ پکڑلی اور اس کا ڈرائیور جھلس کر لقمہ اجل بنا جبکہ نالہ بشلڑی سے سڑک کے کنارے تک جھاڑیوں میں آگ لگی اور فائر سروس کو بلانا پڑا۔ پولیس نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد رام بن پولیس اور کیو آر ٹی رضاکاروں نے بچائو کارروائیوں کا آغاز کیا اور ٹینکر ڈرائیور کی لاش جلی ہوئی حالت میں سڑک سے نیچے کھائی سے برآمد کرکے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کی گئی۔ ڈرائیور کی شناخت32سالہ رجت تھاپا ولد چرن داس ساکن جموں کے طور کی گئی۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔