پینے کے پانی کی قلت | وترینہ بانڈی پورہ کی آبادی مشکلات سے دوچار

عازم جان
بانڈی پورہ// شمالی ضلع بانڈی پورہ کے وترینہ علاقے کے مکینوں کو کم از کم ایک ماہ سے پانی کی قلت کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پینے کے پانی کی قلت کے باعث وہ بے شمار مسائل سے دوچار ہیں۔ علاقے کی خواتین کو  بہت دور سے پانی لانا پڑتا ہے اور حالت اتنی خراب ہے کہ لوگ نہانے کیلئے بھی ترس رہے ہیں کیونکہ پائپ لائنیں سوکھ گئی ہیں۔ ایک مقامی شخص غلام محمد نے بتایا’’پانی کے بغیر ہماری زندگی جہنم بن چکی ہے۔ ہمارے مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے اور اب ہم سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوگئے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا’’ کچھ عہدیداروں اور سیاست دانوں نے بھی علاقے کا دورہ کیا لیکن وہ اپنے وعدوں سے پھر گئے کیونکہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے ذرہ بھر بھی مدد نہیں ملی۔ دریں اثناء مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور پی ایچ ای کے متعلقہ حکام سے اس معاملے پر غور کرنے کی اپیل کی۔