پینے کے پانی کی قلت،ڈورو شاہ آباد کے لوگ متعلقہ محکمہ سے نالاں

ڈورو//ڈورو شاہ آباد میں کئی دیہات گذشتہ چارروز سے پینے کے پانی سے محروم ہیں ،جس کے سبب مقامی آبادی محکمہ پی ایچ ای سے نالاں ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پی ایچ ای نے علاقے میں قائم ٹینکی کی مرمت کر نے کی غرض سے چارروز قبل پانی کی سپلائی بند کردی تاکہ مرمت کے دوران کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کر نا پڑے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کئی دن گذرگئے لیکن مر مت کا کام شروع نہیں کیا گیااور لوگ پینے کے پانی کی ایک ایک بوند کیلئے ترس رہے ہیں۔ ایگزیکٹیو انجینئر قاضی گنڈ آر کے پنڈتا نے لاپرواہی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ دارصل ٹھیکیدار نے میٹریل جمع کر نے میں سستی دکھائی جس کے سبب کام شروع نہیں ہوسکا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے لوگوں کے مشکلات مدنظر رکھ کر فی الحال یہ کام ملتوی کر نے کا فیصلہ کیا ہے اور پانی کی سپلائی بحال کی گئی ہے ۔