پینے کے پانی کی عدم دستیابی

کپوارہ//ہندوارہ کے ہانگہ ماور علاقہ میں گزشتہ کئی روز سے پینے کے پانی کی شدید قلت ہے۔مقامی لوگوں کہنا ہے کہ 3روز قبل جب ماور نالہ میں زہر آلودہ کمیکل ملایا گیا تو متعلقہ محکمہ نے احتیاطی طور ماور اور قاضی آ باد کے کئی علاقوں کو پینے کے پانی کی سپلائی کو روک دیا تاکہ پانی کے نمونو ںکو حاصل کر کے اس کی جانچ کی جائے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ گزشتہ رو ز دوبارہ ان علاقوں کو پانی کی سپلائی بحال کی گئی لیکن ہانگہ علاقہ ہنوز محروم ہے ۔لوگو ں نے الزام لگایا کہ اس علاقہ کو پانی فراہم کر نے والی مین پائپ کسی جگہ بند ہوگئی اور اور پانی کی سپلائی رک گئی لیکن ابھی تک اس کی مرمت نہیں کی گئی ۔ ہانگہ علاقہ کی آبادی نے پینے کا پانی فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر پینے کے پانی کی سپلائی بحال نہیں کی گئی تو وہ احتجاجی مہم چھیڑ نے پر مجبور ہوجائیں گے ۔اس سلسلے میں ایگزیکٹیوانجینئرہندوارہ نے یقین دلایا کہ ہانگہ علاقہ کو ہنگامی بنیادو ں پر پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا ۔