پینے کے پانی کی عدم دستیابی

سوپور +بارہمولہ +کپوارہ// ضلع بارہمولہ کے سوپور، رفیع آباد اور پٹن علاقوں کے لوگوں نے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف بدھ کو دھرنا دیا۔سوپور کے علاقہ نہر پورہ کے باشندوں خاص کر خواتین نے علاقے میں پچھلے ایک ہفتے سے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف اقبال مارکیٹ سوپور میں احتجاجی دھرنا دیاجس کے نتیجے میں ٹریفک کی نقل وحرکت کافی دیر تک متاثر رہی۔انہوں نے کہا کہ ان کے علاقے میں لوگ پانی کی بوند بوند کے لئے ترس رہے ہیں۔ اس دوران وہاں پولیس پہنچی جنہوں نے دھرنا پر بیٹھے لوگوںکو یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل کو متعلقہ حکام تک پہنچائیں گے ۔اسی طرح سے علاقہ رفیع آباد کے مکئی پورہ بالا،ڈنگی وچھہ اور دیگر کئی دیہات کے باشندوں نے بدھ کومحکمہ پی ایچ ای کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی دنوں سے پانی کی سپلائی سے محروم ہیں۔مظاہرین نے بارہمولہ رفیع آباد روڑ پر دھرنا دیا ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ معاملہ کئی بار محکمہ کے اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لایا گیا تاہم ابھی تک اْن کی شکایت کا ازالہ نہیں کیا گیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر محکمہ فوری طور پانی کی سپلائی فراہم کرنے میں ناکام رہا تو احتجاج میں شدت لائی جائے گی۔ پٹن کے چھاندل علاقہ میںمقامی لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بتایاکہ ان کے علاقے میں پچھلے ایک ہفتے سے پانی نایاب ہے اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔اُدھرگنا پورہ لنگیٹ کی آبادی پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترس رہی ہے ۔انہوںنے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ گنا پورہ میں برسو ں پرانی ایک واٹر سپلائی سکیم سے لوگو ں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جاتا ہے تاہم اب وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ لنگیٹ گنا پورہ واٹر سپلائی سکیم کی پائپیں زنگ آلودہ ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے وہ جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہوچکی ہیں اور نتیجے کے طوراکثر مقامات پر پانی ضائع ہو تا ہے جبکہ لنگیٹ سے گناہ پورہ گزر نے والی لائین پر متعدد لوگو ں نے غیر قانونی کنکشن لگائے ہیں اور گناہ پورہ تک پینے کا پانی نہیں پہنچ پاتا ہے ۔ لوگو ں نے محکمہ پی ایچ ای پر الزام لگایا کہ کئی مرتبہ محکمہ کے اعلیٰ حکام سے رجوع کیا گیاکہ لنگیٹ گناپورہ واٹر سپلائی سکیم کی بوسیدہ پائپو ں کو تبدیل کر کے  نئی پائپیں نصب کی جائیں تاکہ پینے کا پانی ضائع نہ ہوبلکہ بغیر رکاوٹ لوگو ں تک پہنچے۔انہوں نے محکمہ پی ایچ ای کے ا علیٰ حکا م سے مطالبہ کیا کہ وہ لنگیٹ گناہ پورہ واٹر سپلائی سکیم کی بوسیدہ پائپو ں کو تبدیل کرکے نئی پائپیں نصب کریں تاکہ علاقہ میں پانی کے بحران پر قابو پایا جاسکے ۔