بارہمولہ//شمالی قصبہ پٹن کا خرگام علاقہ 21 ویں صدی میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے جس کی وجہ سے مقامی آباد کوسخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میںپانی ،سڑکیں، بجلی، اور طبی جیسے بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے نتیجے میں مقامی لوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔ ایک مقامی شہری شریف الدین نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ علاقے میں پینے کی پانی کی شدید قلت ہے تاہم محکمہ پی ایچ ای محکمہ کی جانب سے انہیں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں جس کے نتیجے میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں کی سڑکیں بھی کئی سالوں سے خستہ حال ہیں لیکن ان سڑکوں کی مرمت نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں بجلی کے کھمبے اور ترسیلی لائنیں بوسید ہوچکی ہیں جس کے نتیجے میں لوگ اس اہم سہولت سے بھی اکثر و بیشتر محروم ہی رہتے ہیں۔منظور احمد نامی ایک نوجوان نے بتایا کہ طبی سہولیات کا بھی فقدان اس قدر ہے کہ مریضوں اور تیماداروں کو معمولی علاج و معالجہ کیلئے بھی بارہمولہ یا سرینگر کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سیاسی نمائندے صرف انتخابات کے دوران ہی نظر آتے ہیں۔لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں فوری طور بنیادی سہولیات کو دستیاب کیا جائے۔
پینے کے صاف پانی کی شدید قلت
