پینے کا صاف پانی ضائع

 سرینگر //خانیار سے رعناواری جانے والی سڑک پر وکٹری کراسنگ کے مقام پر پچھلے کئی دنوں سے پانی کی پائپ پھٹ جانے سے پینے کا صاف پانی ضائع ہورہا ہے مگر محکمہ پی ایچ ای کے متعلقہ افسران اور اہلکار خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ مذکورہ پانی کی پائپ سے نکلنے والے پانی سے نہ صرف سڑک کو نقصان پہنچا ہے بلکہ پائپ سے نکلنے والے پانی سے راہگیروں کو بھی زبردست پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی شہری شکیل احمد نے بتایا کہ پانی کی زیر زمین پائپ پھٹ جانے کی وجہ سے سڑک سے پانی نکل رہا ہے جسکی وجہ سے نہ صرف راہگیروں کو پریشانی ہورہی ہے بلکہ دن بہ دن سڑک کو بھی کافی نقصان ہورہا ہے۔انہوںنے بتایا کہ پائپ کو نقصان پہنچے ایک ہفتے سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے مگر محکمہ پی ایچ ای خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے جسکی وجہ سے نہ صرف سڑک پر ٹریفک حادثات کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے بلکہ پانی کی موجودگی کی وجہ سے راہگیروں کا چلنا پھرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ مقامی لوگوں نے متعلقہ افسران سے اپیل کی ہے کہ پانی کی پائپ کو ٹھیک کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔