پینتھرس پارٹی اور بی جے پی کے کئی کارکنان این سی میں شامل

نیوز ڈیسک
جموں// نیشنل پینتھرس پارٹی، بھارتیہ جنتا پارٹی سے وابستہ سینکڑوں کارکنوں نے صوبائی صدر جموں رتن لال گپتا اور شیخ بشیر احمد صوبائی سیکرٹری کی موجودگی میں جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔ شمولیتی پروگرام کا انعقاد ضلع صدر ادھم پور اربن سنیل ورما نے کیا تھا۔رتن لال گپتا نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس شمولیت سے پارٹی کو مجموعی سطح پر تکثیری ترقی پسند، جمہوری اور متحدہ جموں و کشمیر کے نظریہ کو مضبوط کرنے کی حکمت عملی کے ساتھ مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کارکنوں کو متحد ہو کر کام کرنے اور فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے کی تلقین کی اورکہاکہ نیشنل کانفرنس بھائی چارے کو فروغ دینے اور تفرقہ ڈالنے والی طاقتوں کو ناکام بنانے کی ایک شاندار تاریخ رکھتی ہے۔ گپتا نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے مختلف محکموں میں کنٹریکٹ یا ایڈہاک بنیادوں پر کام کرنے والے یومیہ ریٹیڈ ورکرز اور کیجول ورکرز کے دیگر زمروں کو جلد ریگولرائز کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے تاخیر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہزاروں نوجوانوں کا کیریئر خطرے میں پڑ گیا ہے۔اس دوران  یوتھ نیشنل کانفرنس این سی کے صوبائی صدر جموں اعجاز جان نے اتوار کو اپنی پارٹی کے ٹریڈ یونین لیڈروں دلبیر سنگھ اور جموں اور سانبہ سے فاروق چوہان کا جے کے این سی میں خیرمقدم کیا۔پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے اعجاز جان نے امید ظاہر کی کہ نئے شامل ہونے والے جموں و کشمیر کے اہم مفادات کے تحفظ کے لیے پارٹی کی کوششوں کو تقویت دیں گے۔ان کا کہناتھا”یہ نوجوان ہی ہیں جو آنے والی دہائیوں اور برسوں میں جموں و کشمیر کی تقدیر کے تخلیق کار ہیں۔ میں دلبیر سنگھ اور فاروق چوان کو اپنے تہہ دل سے خوش آمدید کہتا ہوں”۔