پیر گلی زیارت بھی محفوظ نہیں

 سرنکوٹ //مغل شاہراہ پر واقع پیر گلی زیارت سے دن دہاڑے نقب زنوں نے سیف کو توڑ کر پیسے چرالئے ہیں ۔اتوار کے روز ویڈیو شوٹنگ اور فوٹوگرافی کیلئے سرنکوٹ سے پیر گلی گئے ہوئے نوجوان معین خان نے بتایاکہ نامعلوم افراد نے زیارت کے سیف کو توڑ کر اس سے پیسے نکال لئے ۔انہوںنے بتایاکہ جب وہ سیف کو توڑنے کی آواز سن کر زیارت کے پاس پہنچے توانہوںنے دیکھاکہ دو نقب زن سیف کو توڑ کر اس سے پیسے نکال رہے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ انہیںدیکھ کر دو نوں چور ان پر جھپٹ پڑے اور ان کاکیمرہ چھیننے کی کوشش کی تاہم ان کے دوسرے ساتھی نے مدد کی اور جوابی حملے میں چور وہاںسے بھاگ گئے ۔معین کے مطابق اس کے بعد دونوں نقب زن وہاںسے فرار کرگئے لیکن انہوںنے سیف کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ زیارت کو بھی نقصان پہنچایا۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایس ڈی پی او سرنکوٹ اصغر علی ملک نے بتایاکہ انہوںنے اس بارے میں شوپیاں پولیس سے بات کی ہے اور اس معاملے کی سنجیدگی سے تحقیقات کریںگے ۔انہوںنے بتایاکہ انہیں بھی چوری کی رپورٹ آئی ہے اور مزید کارروائی کی جائے گی ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ابھی مغل شاہراہ برف کی وجہ سے بند ہے تاہم حکام کی طرف سے مشینیں لگاکر اسے پندرہ اپریل تک کھولنے کا اعلان کیاگیاہے ۔ پیر گلی میں ایک معروف زیارت ہے جہاں دونوں صوبوںسے تعلق رکھنے والے بڑی تعداد میںلوگ آتے جاتے ہیں ۔