پیر پنچال کے متعدد دیہات بجلی سپلائی کے بغیر

 راجوری +پونچھ//سرحدی ضلع راجوری اور پونچھ میں متعدد دیہات تیسرے روز بھی بجلی کے بغیر رہے جبکہ محکمہ پی ڈی ڈی کے ملازمین بجلی کی بحالی کیلئے کوششیں کررہے ہیں لیکن اکثر دیہات سے صارفین نے شکایت کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ ان کو سہولیات فراہم کرنے محکمہ کی جانب سے عملی اقداما ت نہیں اٹھائے جارہے ہیں ۔راجوری ضلع کے کوٹرنکہ سب ڈویژن میں 90فیصد سے زائد علاقوں میں بجلی سپلائی لگاتار منقطع ہے جس کی وجہ سے صارفین شدید پریشان ہو گئے ہیں ۔پنچایتی اراکین نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دیہات میں بجلی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہاہے ۔سب ڈویژن تھنہ منڈی میں بجلی سپلائی منقطع ہونے کے بعد ملازمین کی جانب سے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ جلدازجلد بند پڑی سپلائی کو بحال کیا جائے ۔ سب ڈویژن میںگزشتہ کئی دنوں سے بجلی سپلائی مکمل بند ہے تاہم ملازمین کی جانب سے خطہ میں ترسیلی لائنوں کیساتھ ساتھ بجلی کے کھمبوں کو ٹھیک کرنے کیلئے کام کیا جارہا ہے ۔خطہ پیر پنچال کے اکثر مقامات پر بجلی سپلائی بحال نہیں ہو سکی جس کی وجہ صارفین کی پریشانیوں میں اضافہ ہو گیا ہے ۔مینڈھر سب ڈویژن کے بالاکوٹ ،نکہ منجہاڑی ،کیری کانگڑھ ،بھاٹہ دھوڑیاں ،سنگیوٹ علاقوں میں 4دنوں سے بجلی سپلائی بحال نہیں ہو سکی۔خطہ میں صارفین کے مو بائل فونز کیساتھ ساتھ بجلی کی مدد سے چلنے والی مشینری بند پڑی ہوئی ہے ۔لوگوں نے بتایا کہ گھروں میں بجلی کے نہ ہونے کی وجہ سے جہاں وہ گھپ اندھیرے میں زندگی بسرکررہے ہیں وہائیں بجلی کی مدد سے چلنے والی آٹا چکیاں ودیگر مشینری بھی بند پڑی ہوئی ہے ۔مینڈھر سب ڈویژن میں بھی سپلائی کچھ علاقوں میں بحال ہوئی ہے تاہم ابھی بھی کئی دیہات میں سپلائی کو بحال کرنے میں کامیابی حاصل نہیں کی جاسکی ہے ۔سرنکوٹ کے اکثر دیہات میں بجلی غائب ہے تاہم کچھ علاقوں میں اگر چہ سپلائی بحال ہوئی ہے لیکن غیر اعلانیہ کٹوتی کی وجہ سے صارفین پریشان ہیں ۔کوٹرنکہ سب ڈویژن میں راجوری بدھل 33کے وی لائن بحال ہی نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے مذکورہ خطہ میں سپلائی بند پڑی ہوئی ہے ۔لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کیساتھ ساتھ جموں وکشمیر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بجلی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے محکمہ کو ہدایت متحرک کیا جائے ۔
 

سرنکوٹ کے کئی علاقوں میں بجلی بحال 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سب ڈویژن سرنکوٹ کے متعدد علاقو ں میں محکمہ بجلی کی جانب سے کی گئی انتھک کوششوں کے بعد بجلی سپلائی بحال کر دی گئی ہے ۔سب ڈویژن کے گونتھل سانگلہ دندی دھڑہ سنئی ،دھندک ،لسانہ ،مڑہوٹ ہاڑی کے علاوہ کئی دیگر علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے۔صارفین نے محکمہ بجلی کے ملازمین کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اس مشکل وقت میں انہوں نے لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے محنت و لگن کیساتھ کام کیا ۔غور طلب ہے کہ سرنکوٹ سب ڈویژن میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا تھا جس کی وجہ سے عام لوگوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن محکمہ کے مستقل و عارضی ملازمین کی انتھک کوششوں کے بعد اکثر علاقو ں میں بجلی کی سپلائی کو بحال کر دیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ کے اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر ،جونیئر انجینئر ،مستقل اور عارضی ملازمین کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ برف کے باوجود انہوں نے خستہ حال نظام کو درست کر کے صارفین کو سہولیات فراہم کی ہیں ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ جلد ہی ملازمین پورے سب ڈویژن میں بجلی کو بحال کرنے میں کامیابی حاصل کر لیں گے ۔
 
 

بجلی محکمہ کا عارضی ملازم دوران کام گرکرشدیدزخمی 

حسین محتشم
پونچھ//حالیہ شدید برف باری کی وجہ سے سرحدی ضلع پونچھ میں بجلی کی ترسیلی لائینوں اورکھمبوںکو از حد نقصان پہنچا ہے۔اس دوراں گائوں نوناں بانڈی میں مرمتی کا کام کرتے ہوئے پیر کے روز بجلی کا ایک عارضی ملازم کھمبے سے گر کر شدیدی زخمی ہوگیا جس کو فوری ضلع ہسپتا ل پونچھ لایا گیا جہاں اس کا علاج معالجہ جاری ہے۔سماجی و سیاسی کارکن عبدالرشید شاہپوری نے کہا کہ برف باری کی وجہ سے دور افتادہ علاقوں میںبجلی کے کھمبے اور تاریں بری طرح ٹوٹ گئی ہیں جن کی مرمتی میں عارضی ملازم سب سے زیادہ محنت کر رہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ ملازمین دن رات ایک کر کے مرمتی کاکام جاری رکھے ہوئے ہیں ان کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں جس کی وجہ سے یہ لوگ اکثر حادثات کا شکار ہورہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ملازموں کے پاس سیفٹی کٹس نہیںہیں نہ ہی ان کو دیگر سہولیات جن میں گرم جوتے، چھاتے ، ٹارچ وغیرہ شامل ہیں دستیاب نہیں ہیں۔انھوں نے کہا کہ نوناں بانڈی گائوں میں عوام کے لئے بجلی بحال کرنے کے لئے اپنی خدمات انجام دینے والامحکمہ بجلی کا عارضی ملاز م جس کا نام حضور حسین شاہ و کہ اس وقت ضلع ہسپتال میں زخمی حالت میں زیر علاج ہے کے حادثہ کی وجہ بھی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی ہے۔انھوں نے ضلع ترقیاتی کمشنرسے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تمام عارضی ملازموں کو ضروری سامان فراہم کرایا جائے تاکہ وہ اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے محفوظ رہ سکیں۔انھوں نے تمام عارضی ملازمین کو فوری مستقل کرنے کا بھی لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کیا۔
 

 

 

بجلی نظام کی درستگی کیلئے کوششیں جاری 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // خطہ پیر پنچال میں ہوئی شدید برفباری کے بعد بجلی کا نظام مکمل طور پرتباہ ہو کر رہ گیا ہے۔ شدید برفباری کے سبب مختلف جگہوں پر بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں اور متعدد جگہوں پر کئی کھمبے بھی ٹوٹ گئے۔ سنیچر 5 بجے کے بعد موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ہی محکمہ بجلی کے ملازمین سب ڈویژن تھنہ منڈی میں بجلی کی سپلائی کو بحال کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ جونیئر انجینئر وقار احمد ڈار کی سربراہی میںمسلسل تیسرے روز بھی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں ۔متعلقہ جونیئر انجینئر نے بتایا کہ تھنہ منڈی کے مختلف علاقوں میں برفباری کے سبب کم از کم 70کھمبے ٹوٹ گئے ہیں لیکن محکمہ بجلی کی کوششوں سے علاقہ میں بجلی کا نظام بحال کیا جارہا ہے۔ وقار احمد ڈار نے کہا کہ اتنی زیادہ توڑپھوڑ کے باوجود محکمہ بجلی کے ملازمین بجلی بحال کرنے میں سرگرم عمل ہیں۔