راجوری +پونچھ//خطہ پیر پنچال کے پہاڑی علاقوں میں موسم کی پہلی ہلکی برفباری کے بعد گزشتہ روز موسم ساز گار رہا جس کی وجہ سے معمولات زندگی معمول کی جانب واپس لوٹ آئے ۔جموں وکشمیر کے دیگر حصوں کی ہی طرح سرحدی ضلع راجوری اور پونچھ میں گزشتہ روز ہوئی شدید بارش و بالائی علاقوں میں برفباری کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ۔پیر کی صبح دونوں اضلاع دھوپ نکلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔ اس دوران خطہ پیر پنچال کے مختلف بالائی علاقوں میں جمع برف چمکنے لگی۔ مطلع صاف ہونے کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ دیکھنے کو ملا اور لوگ دھوپ کا مزہ لیتے ہوئے نظر آئے ۔ برفباری کی وجہ سے مغل شاہرا کو گاڑیوں کے آمد رفت کے لئے بند کر دیا گیا جس کی وجہ سے خطہ پیر پنچال کا وادی سے رابطہ منقطع ہو کر رہ گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مغل شاہرا ہ سے برف صاف کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ عرصہ دراز سے بارش نہ ہو رہی تھی تو عام لوگ ،زمیندار اور کاشت کار برفباری کے منتظر تھے کیونکہ خشک سالی کی وجہ سے لوگ بیمار ہورہے تھے۔ بارشوں اور برفباری کی وجہ سے خطہ کے کچھ دیہات میں بجلی کا سلسلہ منقطع ہے اور لوگوں نے بجلی کی فوری بحالی کیلئے حکام سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔