پیر پنچال پہاڑیوں پر موسم کی پہلی برفباری

سمت بھارگو

راجوری//جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ کے بالائی علاقوں میں پیر کو موسم کی پہلی برف باری ہوئی۔برفباری اگرچہ حجم میں بہت کم ہے لیکن اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے کیونکہ یہ سردیوں کے موسم کے آغاز کی نشاندہی کرتی ہے۔اطلاعات کے مطابق، جڑواں اضلاع کے بالائی علاقوں میں موسم کی پہلی برف باری ہوئی ہے جو پیر کی صبح کے اوقات میں شروع ہوئی اور دو گھنٹے تک جاری رہی۔راجوری کے تھنہ منڈی، درہال اور کوٹرنکہ سب ڈویژنوں کے ساتھ ساتھ پونچھ ضلع کے سرنکوٹ سب ڈویژن اور منڈی تحصیلوں سمیت بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی ہے۔مغل روڈ پر واقع تاریخی پیر کی گلی پہاڑی درہ جو پونچھ ضلع کو شوپیاں سے جوڑتا ہے اس پر بھی سیزن کی پہلی برف باری ہوئی جس میں تقریباً ایک انچ برف باری پیر کی صبح سڑک پر دیکھی گئی جو بارش کے بعد پگھل گئی۔