پیر پنچال میں پی ڈی پی کے یوم تاسیس پر تقریبات

 
راجوری //خطہ پیر پنچال میں پی ڈی پی اکائی کی جانب سے پارٹی کے 20ویں یوم تاسیس کے موقعہ پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔اس دوران پارٹی لیڈران کی جانب سے سرحدی ضلع راجوری ،مینڈھر ،سرنکوٹ اور پونچھ میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا جن میں پارٹی لیڈران کیساتھ ساتھ کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔راجوری میں منعقدہ کئے گئے پروگرام میں سابقہ ریاستی وزیر چوہدری ذوالفقار علی ،سابقہ ممبر اسمبلی راجوری چوہدری قمر حسین ،پارٹی ضلع صدر اعجاز مرزا ،تعظیم ڈار ،منظور شاہ ،ماسٹر پریم کمار ودیگران بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے پارٹی لیڈران نے کارکنوں کو تلقین کی کہ وہ سابقہ مرحوم وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کے ہمیشہ ایک ایماندار سیاستدان کے طور پر یاد رکھے جائینگے ۔انہوں نے انتظامیہ کو انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ دفعہ 35-A کیساتھ کسی بھی چھیڑ چھاڑ کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔اسمبلی حلقہ مینڈھر میں پی ڈپی کارکنوں کی جانب سے پارٹی سنیئر لیڈر اور سابقہ ریاستی وزیر رفیق حسین خان کی قیادت میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اس پروگرام میں پارٹیکے سنیئر لیڈر معروف احمد خان ،ایڈو کیٹ رشید قریشی ،ایڈ وکیٹ ندیم رفیق خان ،حاجی منشی ،وسیم احمد خان ،سفیر حسین شاہ ودیگر سرپنچوں اور پنچوں نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر ایڈوکیت معروف خان اور سابقہ ایم ایل سی رشید قریشی نے پارٹی کارکنوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔انہوں نے بھاجپا کی مرکزی حکومت کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ دفعہ 370اور 35A کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کرے ۔سابقہ ریاستی وزیر رفیق حسین خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرکزی حکومت کو امریکی صدر کی جانب سے کشمیر معاملہ کو حل کر نے کیلئے ثالثی کی پیش کش کے بارے میں سنجیدگی سے غور کرئے تاکہ خطہ پیر پنچال کیساتھ ساتھ ریاست میں امن و استحکام قائم کیا جاسکے ۔پونچھ میں پارٹی کے یوم تاسیس کے موقعہ پر پارٹی کارکنان کی جانب سے شاہ محمد تانترے کی قیادت میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔ جس میں کارکنان اور لیڈران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران شمیم احمد گنائی، شمیم ڈار، بشیر احمد خاکی نے خطاب کیا۔ شاہ محمد تانترے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی جماعت کے بیسویں یوم تاسیس کے موقع پر ریاست بھر میں تقریبات منعقد کی گئی ہیں اور اسی سلسلہ کی ایک کڑی پونچھ میں منعقد کی گئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی پی جماعت مضبوط جماعت ہے جو ہمہ وقت عوام کی خدمت کرنے کے لئے پیش پیش ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ 1999 کا وہ وقت جب پی ڈی پی مفتی محمد سعید کی سرپرستی میں وجود میں آئی جموں و کشمیر کی عوام کے لئے خوش قسمتی کا باعث بنا جس کے بعد 2002 کے دور اقتدار میں مرحوم مفتی محمد سعید نے ایسے کام کئے کہ سب اس دور کو تاریخی دور سے تعبیر کرتے ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر لوگوں کو یہ پیغام بھی دیا کہ انتخابات کے دوران دیگر جماعتیں ذات پات برادری فرقہ میں لوگوں کو بانٹنے کی کوشش کرتے ہیں مگر عوام یہ نہ دیکھے کہ رہنما کشمیری ہے یا گجر بلکہ یہ دیکھے کہ وہ کس قدر پر خلوص ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے وقت میں پی ڈی پی طاقت ور جماعت ہے اور اسی خلوص کے ساتھ عوام کی خدمت کرتے ہوئے یہ جماعت اور ترقی کی طرف گامزن رہے گی ۔ شمیم احمد گنائی نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی جماعت نے ماضی میں بی جے پی کے ساتھ مل کر سرکار بنانے کے سمیت جتنے بھی فیصلے کئے ہیں وہ سب عوام کی بہتری کے لئے کئے ہیں اور آئندہ بھی جماعت لوگوں کی بہتری کے لئے کوشاں رہے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ کشمیر میں پی ڈی پی کا وجود ختم ہوا ہے وہ آج کے یوم تاسیس کو دیکھ لیں کہ کس طرح لوگوں کا ایک سیلاب کشمیر کی تقریب میں جمع ہوا ہے یہ ان کے لئے جماعت کا جواب ہے ۔ وہیں مہنڈر میں بھی ریاستی سیکریٹری وکیل معروف خان کے زیر صدارت یوم تاسیس منایا گیا اور اس میں بھی کثیر تعداد میں مہنڈر اور اس کے اطراف سے لوگوں نے شرکت کی ۔ تقریب کے دوران متعدد پی ڈی پی لیڈروں نے اپنے اپنے خیالات پیش کئے اور پی ڈی پی ریاستی سیکریٹری نے کہا کہ پی ڈی پی جماعت کا بیسواں یوم تاسیس ریاست بھر کی طرح مہنڈر یونٹ نے بھی منایا جس میں تیز بارش ہونے کے باوجود کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی – ان کا کہنا تھا کہ ریاست بھر میں پی ڈی پی سے منسلک لوگوں کو آج کے دن پر میرا یہ پیغام ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد بنائے رکھیں اسی میں ہماری کامیابی و کامرانی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سارے دشمن اس جماعت کے پیچھے لگے ہیں لیکن جماعت کی اتفاقی سے یہ طاقتیں ناکام ہوں گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی پی ہمیشہ انتخابات کے لئے تیار ہے اور یہ سمجھتی ہے کہ عوام کو ان کے نمائندے چننے کا حق دینے میں تاخیر نہ کی جائے ۔سرنکوٹ میں جاوید چوہدری کی قیادت میں پارٹی کے یوم تاسیس کے موقعہ پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران لیڈران نے پارٹی کے دور حکومت میں ہوئے تعمیر اتی کاموں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔