سمت بھارگو
راجوری//منگل کو پورے خطہ میں یوم آزادی کی تقریبات کو پرامن طریقے سے انجام دینے کے لئے سیکورٹی فورسز نے جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔ایک کثیر سطحی حفاظتی تہہ ان تمام اہم مقامات کی حفاظت کرے گی جہاں یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا جانا ہے۔منگل کو ملک بھر میں یوم آزادی منایا جائے گا جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بھرپور شرکت کی تو قع کی جارہی ہے ۔اسی طرح جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ میں یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس کے ساتھ پونچھ کی مرکزی تقریب اسپورٹس سٹیڈیم پونچھ ٹاؤن میں منعقد کی جائے گی جبکہ راجوری میں مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائنز راجوری میں منعقد کی جائے گی۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز کی ان دونوں تقریبات میں متعلقہ ضلعی ترقیاتی کونسل کے چیئرمین قومی پرچم لہرائیں گے اور پریڈ کی سلامی لیں گے۔اس کے علاوہ تمام تحصیل اور سب ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز کے ساتھ بلاک، پنچایت اور اسکول کی سطح پر بھی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ان تمام تقریبات کو خوش اسلوبی سے انجام دینے کے لئے خطے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔عہدیداروں نے کہا کہ جڑواں اضلاع میں دونوں اندرونی علاقوں کے ساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی سیکورٹی کو تمام پہلوؤں سے مضبوط کیا گیا ہے تاکہ اندرونی علاقوں میں کسی بھی قسم کی مشتبہ نقل و حرکت کے ساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا جاسکے ۔حال ہی میں راجوری اور پونچھ میں ایل او سی پر دراندازی کی متعدد کوششوں کو ناکام بنایا گیا ہے اس کے علاوہ پچھلے ڈیڑھ ماہ میں اندرونی علاقوں میں انکاؤنٹر ہوئے ہیں جس میں گزشتہ ہفتے راجوری کے گندھ گاؤں میں ایک دہشت گرد کو مار گرایا گیا تھا جبکہ پونچھ کے شیند رہ میں ایک انکاؤنٹر میں چار دہشت گرد مارے گئے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ ’یوم آزادی کے پیش نظر ایل او سی کے ساتھ ساتھ اندرونی علاقوں میں سیکورٹی پلان پہلے سے ہی تیار کیا جا چکا ہے۔حکام نے بتایا کہ جن مقامات پر یوم آزادی کی تقریبات منعقد کی جائینگی ان پر سیکورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ تمام اہم تقریبات کے مقامات پر تین درجے سیکورٹی کا انتظام برقرار رہے گا۔ان مقامات کی سیکورٹی کی دیکھ بھال جموں و کشمیر پولیس و دیگر نیم فوجی دستوں کے ساتھ فوج کی جانب سے بھی کی جارہی ہے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ راجوری اور پونچھ کے علاقوں میں پچھلے دو سالوں میں دہشت گردی سے متعلق کچھ واقعات نے سیکورٹی خدشات کو جنم دیا ہے اور یوم آزادی کی تقریب کے ہموار انعقاد کو ترجیح دی گئی ہے۔جموں زون میں اے ڈی جی پولیس مکیش سنگھ نے ڈویژنل کمشنر جموں رومیش کمار کے ساتھ راجوری اور پونچھ اضلاع کا بھی دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور یہ بھی ہدایات جاری کیں کہ 15 اگست تک احتجاج سمیت کسی بھی اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی تاکہ سخت حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
راجوری حادثے میں 3زخمی
عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری ضلع کے چنگس کے مقام پر پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں تین افراد زخمی ہو گئے زخمیوں کو جی ایم سی ہسپتال راجوری داخل کروایا گیا ہے۔پولیس مطابق حادثہ پیر کی صبح اس وقت پیش آیا جب ایککارزیر رجسٹریشن نمبر-JK02BD 7696 نوشہرہ سے راجوری کی طرف آتے ہوئے ایک گریف محکمہ کے ٹپر کیساتھ ٹکرا گئی ۔حادثے میں تین افراد زخمی ہوئے جن میں اجے کمار (45) ولد بہاری لال، پریم پال (51) ولد بہاری لال سکنہ بشناہ اور مہک نندن (19) بیٹی پریم پال شامل ہیں۔پولیس نے کہا کہ قانونی کارروائی کے ساتھ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
شہداء کے اہل خانہ کیساتھ پولیس کا اجلاس
عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//میری مٹی میرا دیش مہم کے تحت ضلع پولیس راجوری نے ضلع کے شہیدوں کے خاندانوں کے ساتھ اجلاس کا اہتمام کیا۔آغاز میں ایس ایس پی راجوری امرت پال سنگھ نے شہیدوں کی عظیم قربانی کو سلام پیش کیا اوران کے اہل خانہ کی شکایات بھی سنیں۔شہدا کے اہل خانہ کو یقین دلایا گیا کہ ان کی حقیقی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا اور انہیں ٹوکن تحائف سے بھی نوازا گیا۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی راجوری امرت پال سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس کے شہداء کے اہل خانہ پولیس پریوار کے رکن ہیں اور جموں و کشمیر پولیس کی مادر وطن کے لئے قربانیوں کی ایک طویل تاریخ ہے۔ایس ایس پی راجوری نے مزید کہا کہ راجوری پولیس شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہمیشہ پرعزم ہے اور پولیس پریوار نے ہمیشہ پولیس شہداء کے خاندانوں کی تمام شکایات اور مسائل کا خیال رکھا ہے۔