پیر پنچال خطہ میں بارشوں کا سلسلہ جاری

  تھنہ منڈی // خطہ پیر پنچال کے اکثر علاقوں میں مختصر وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہو گیا ہے جس کی وجہ سے بالائی علاقوں میں موسم میں تبدیلی واقع ہوئی ہے۔لگ بھگ پورے خطہ میں گزشتہ تین روز سے مسلسل خراب موسمی صورتحال کے چلتے میدانی و بالائی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تھنہ منڈی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں معمول کی زندگی بھی متاثر رہی اور خرید و فرخت کے سلسلے میں عام اور کاروباری زندگی پر بھی کافی گہرا اثر پڑا اورشہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے عام لوگوں کو عبور و مرور کے حوالے سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مسلسل بارشوں کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں موسم میں واضح فرق دیکھنے کو ملا ہے۔ اسی طرح سب ڈویژن نوشہرہ میں گزشتہ کئی عرصہ سے بارش کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ۔نوشہرہ کےساتھ ساتھ راجوری کے منجا کوٹ ،سرحدی ضلع پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن ودیگر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔