منڈی//تحصیل منڈی،تحصیل سرنکوٹ ، تحصیل مینڈھر اور تحصیل حویلی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیزبارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم ایک بار پھر سرد ہوگیا ہے درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے شدیدبرفباری کا امکان ہے۔ ضلع میں رات بھر سے وقفے وقفے سے جاری ہلکی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ادھر برف باری کی وجہ سے مغل شاہراہ کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ ڈیرہ کی گلی سڑک بھی فی الحال برفباری کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے یہاں برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق ضلع کی تحصیل منڈی کے لورن ساوجیاں کے بالائی علاقوں میں جہاں صبح سے شدید بارش ہو رہی تھی وہیں ان علاقوں میں بعد دوپہر برف باری کا سلسلہ جاری ہوا جبکہ تحصیل سرنکوٹ کے اوپری علاقوں میں بھی برف باری ہوئی۔ منڈی پونچھ سرنکوٹ کے میدانی علاقوں میں منگل کو صبح سے ہی شدید بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے سردی میں بھی شدت آگئی اور لوگوں نے گرم ملبوسات کے ساتھ ساتھ تاریخی کانگڑی کا بھی استعمال کرنا شروع کردیا جبکہ بازاروں میں بھی لوگوں کی آواجاہی کافی کم دیکھنے کو ملی ۔ ادھر محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے لورن اور ساوجیاں کی سڑکوں سے برف ہٹا نے کے لیے سنو کٹر گاڑیوں کا انتظام پیشگی ہی رکھا گیا ہے تاکہ وقت پر انہیں کام میں لایا جا سکے۔سب ضلع کوٹرنکہ کے پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سے معمول کی زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔ادھر کوٹرنکہ سے خواص جانے والی 33 کلو میٹر سڑک پسیاں گر آنے اور پھسلن کی وجہ سے سڑک آمد رفت کے لئے بندہوگئی ہے۔ تحصیل حویلی میں بھی دیررات سے ہلکی بارش اور بوندا باندی جاری ہے جس کی وجہ سے سردی کی لہر چل رہی ہے اور لوگ گرم کپڑے پہننے اور ااگ کے نزدیک بیٹھنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ مینڈھر میں بھی تمام علاقوں میں بارش کی وجہ سے سری کی شدت بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے لوگ ٹھٹھررہے ہیں۔قصبہ پونچھ میں کل شام سے ہی بارش کا سلسلہ جاری ہوگیا ہے جس کی وجہ سے شدید سردی ہوگئی ہے۔ ادھربانہال رامبن سیکٹر میں پیر کی رات سے ہلکی ہلکی بارشوں کا سلسلہ منگل کے دن بھر جاری رہا اور اس دوران بانہال کے مہومنگت ، جواہر ٹنل اور پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے پر منگل کی صبح سے ہلکی ہلکی برفباری ہورہی ہے تاہم موسم کی خراب صورتحال کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ ٹریفک کی امدورفت کیلئے منگل شام چھ بجے تک بحال تھی اور جموں سے وادی کشمیر کی سینکڑوں چھوٹی بڑی گاڑیاں واردِ کشمیر ہوئی تھیں۔ڈی ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے بانہال شمشیر سنگھ نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ بارشوں اور جواہر ٹنل پر ہلکی برفباری کے باوجود شاہراہ منگل شام تک جموں سے وادی کشمیر کی طرف ٹریفک کیلئے بحال تھی۔ انہوں نے کہا کہ پنتھال اور شاہراہ کے دیگر مقامات پر پتھروں اور پسیوں کے گرنے کے ممکنہ واقعات نظر رکھی جارہی یے اور منگل شام تک ٹریفک معمول کے مطابق آگے بڑھ رہا تھا۔اس دوران سب ڈویڑن بانہال کے مہو منگت علاقے میں اس موسم کی تیسری برفباری ہورہی ہے جبکہ جواہر ٹنل اور پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے پر بھی منگل کی صبح سے شروع ہوا ہلکی ہلکی برفباری کا سلسلہ منگل کی شام تکجاری تھا۔ اس خبر کے فائیل کرنے تک رامبن بانہال سیکٹر میں بارشوں کا سلسلہ جاری تھا اور شاہراہ پر ٹریفک بلاخلل چل رہا تھا۔
پیر پنچال اور چناب کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانوں علاقوں میں بارشیں | سردی کی لہر میں اضافہ ،جموں سرینگر قومی شاہراہ قابل آمدورفت،مغل روڈ ،کوٹرنکہ و ڈیرہ گلی سڑکیں بند
