پیر مسجد حنفیہ گوجوارہ چوک خاکستر

ارشاد احمد
سرینگر// سرینگر کے گوجوارہ علاقے میں منگل کی سہ پہر آتشزدگی کی ایک واردات کے دوران مسجد شریف، دو شاپنگ کمپلیکس کی اوپری منزلیں خاکستر ہوئیں ۔ڈویژنل فائر آفیسر فاروق احمد لون نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بعد دوپہر قریب داڑھے 3بجے گوجوارہ چوک میں پیر مسجد حنفیہ کی اوپری منزل سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل دو شاپنگ کمپلیکسوں کو لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے کے بعد وہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کے ہمراہ فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ مسجد شریف مسجد شریف کی اوپری منزل مکمل طور پر خاکستر ہوئی جبکہ اسکے ساتھ ایک شاپنگ کمپلیکس کی چھت اور دو کمروں کی کھڑکیاں جل گئیں تاہم دوسرے شاپنگ کمپلیکس کو بچایا گیا البتہ اسکی آدھی چھت خاکستر ہوئی۔فاروق لون نے مزید بتایا کہ تاج کمپلیکس دو بھائیوںفیاض احمد بٹ، اور غلام محمد بٹ پسران غلام نبی بٹ کا ہے، جسے زیادہ نقصان ہوا۔انہوں نے کہا کہ مسجد کیساتھ ایک گیسٹ ہائوس بھی ہے تاہم اسے بچالیا گیا۔ مقامی نوجوان اور فائر اینڈ ایمرجنسی اہلکاروں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔