پیر دستگیر صاحبؒ کے عرس کی اختتامی تقریب

سرینگر//پیران پیر حضرت غوث العظم دستگیر شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ کے عرس پاک کی اختتامی تقریب نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ سخت سردی کے باوجود اختتامی تقریب کے حوالے سے جمعہ کوخانیار، سرائے بالا،جناب صاحب صورہ ،رہباب صاحب اور دیگر مقامات پربڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے اورروح پرور مجالس میں ہزاروں عقیدتمندوںنے شرکت کی ۔سب سے بڑی تقریب حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ سے منسوب آستان عالیہ واقع خانیار میں منعقد ہوئی جہاں پر ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور کووڈ 19کے پیش نظر ہیلتھ گائڈ لائنوں پر عمل پیراہوکر روح پر ور مجالس میں شرکت کی ۔وادی کے اطراف واکناف سے آئے زائرین کی بڑی تعداد نے آستان عالیہ پر حاضری دیکر نماز جمعہ میں شرکت کی اورنمازیوں کی صف بندی خانیار چوک تک رہی ۔نماز کے اختتام کے ساتھ ہی عقیدت مند شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کے تبرکات کے دیدار سے فیضیاب ہوئے ۔اسی طرح کی تقریب سرائے بالا میں بھی منعقد ہوئی اور نماز جمعہ کے بعدعقیدت مندحضرت غوث العظم ؒ کے تبرکات کے دیدار سے فیضیاب ہوئے ۔ قدیم درگاہِ غوثیہ رہبابہ صاحب عالی کدل میں ایک پُر وقار تقریب پر نماز جمعہ سے قبل مولانا ریاض احمد ہمدانی نے حضرت محبوب سبحانی شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کی پاک سیرت ، علمی اور روحانی کمالات پر واعظ تبلیغ فرماتے ہوئے کہا کہ شاہ جیلانؒ نے اسلام کی جو آبیاری تبلیغ واشاعت اور اُن کے تاریخی اسلامی کارنامے ، روحانی اور علمی کمالات عالم اسلام کی تاریخ میں ایک سنہری باب ہے اور اُن کی تعلیم قرآن وحدیث پر مبنی اور ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ سید بہائو الدین قادری منتقلی نے تبرکات کی نشاندہی کی۔ ادھر درگاہِ اکملیہ حول میں علامہ شوکت حسین کینگ، مولانا خورشید احمد قانونگو اور قاضی یاد مسجد میں ڈاکٹر مولوی لطیف اللہ نے حضرت غوث پاک کی سیرت پر وعظ فرمایا۔ادھرجناب صاحب صورہ ، نادی ہل بانڈی پورہ ،بانہال، رفیع آباد ، سوپور اور دیگر زیارت گاہوں پر ہوئے بھی بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں ہر نماز کے بعد موئے پاک غوث العظمؒ کی نشاندہی کی گئی۔