پیر جلال لدین کے انتقال پرتعزیت پُرسی | ڈاکٹر فاروق ، حکیم یاسین ، مولانا ہمدانی اور پی ڈی پی کاخراج عقیدت

سرینگر//نیشنل کانفرنس ،پی ڈی پی ،پیپلزڈیموکریٹک فرنٹ،جمعیت ہمدانیہ اور حقانی میموریل ٹرسٹ نے بٹہ مالو کے معروف روحانی بزرگ پیر جلال الدین المعروف لالہ صاحب کی رحلت پر رنج وغم کااظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے لالہ صاحب کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کے جملہ سوگوران ، اہل خانہ اور مریدوں کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور اُن کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ انہوںنے مرحوم کے برادر گریٹر کشمیر و کشمیر عظمیٰ کے ایچ آر پریذیڈنٹ محمد صدیق کیساتھ بھی خصوصی طور پر تعزیت کا اظہار کیا ۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈر و سابق ایم ایل اے بٹہ مالو عرفان احمد شاہ اور ترجمان عمران نبی ڈار نے بھی بھی اس سانحہ ارتحال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔پیپلزڈیموکریٹک پارٹی نے پیرجلال الدین کے انتقال پر دکھ اور رنج کااظہار کرتے ہوئے اِسے سماج کے لئے ایک نقصان قرار دیا۔پارٹی کے رہنما غلام نبی لون ہانجورہ،خورشیدعالم،عبدالرئوف بٹ،عبدالحمید کوہ شین ،وحید پرہ اور عارف لائیگرو نے غمزدہ خاندان کی ڈھارس بندھاتے ہوئے دعاکی کہ اللہ تعالی مرحوم کے ساتھ درگزر کا معاملہ فرما کر انہیں جوار رحمت میں جگہ دیں اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کریں۔ پی ڈی ایف  کے چیئرمین حکیم یاسین نے غمزدہ کنبے کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دیں۔ جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے مرحوم کو علم دین سے نوازا تھا اور مرحوم نے زندگی بھر لوگوں کو قرآن و حدیث اور برزگانِ دین کی تعلیم اور مشن کی طرف راغب کی۔ جمعیت کے صدر حاجی عبدالرشید گانی، مولانا شوکت حسین کینگ ،محمد یاسین ظہرہ،محمد اشرف عنایتی، فاروق احمد گانی، پیر غلام نبی نوشہری اور میر غلام محمد ساقی نے بھی اس سانحہ ارتحال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ادھرحقانی میموریل ٹرسٹ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد جس کی قیادت جنرل سکریٹری بشیر احمدڈار کر رہے تھے نے مرحوم کے گھر جاکراہل خانہ کی ڈھارس بندھائی اور مرحوم کے حق میں مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمیداللہ حقانی اور ٹرسٹ سے وابستہ دیگر اداروں نے بھی غم ذدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔