محمد تسکین +عاصف بٹ
بانہال+کشتواڑ// جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی چناوی مہم کے آخری روز مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ خطہ چناب میں 3 ریلیوں سے خطاب کریں گے۔بی جے پی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ڈوڈہ میں وزیر اعظم مودی کی ریلی صرف دو روز قبل ہوئی تھی۔بی جے پی میڈیا انچارج ارون کمار گپتا نے کہا، “امیت شاہ رام بن کے چندر کوٹ، کشتواڑ میںچوگان گرائونڈ اورپاڈر خاص میں 3 ریلیوں سے خطاب کریں گے” ۔ موجودہ اسمبلی انتخابات کے اعلان کے بعد امیت شاہ کا یہ دوسرا دورہ جموں و کشمیرہوگا۔ قبل ازیں انہوں نے جموں کا 2 روزہ دورہ کیا جہاں انہوں نے پارٹی منشور جاری کیا اور دوسرے روز ایک بڑے پارٹی کنونشن سے بھی خطاب کیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ دوسرے مرحلے کے انتخاب سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی سرینگر میں ایک انتخابی جلسہ کرنے والے ہیں جبکہ امیت شاہ بھی دوسرے مرحلے کے دوران چنائو جلسوں سے خطاب کریں گے۔کچھ روز قبل وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے رام بن میں چنائو جلسہ سے خطاب کیا تھا۔انہوں نے مزید کہا، “بی جے پی کو جموں و کشمیر بھر میں عوام کی طرف سے زبردست ردعمل مل رہا ہے اور وہ اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی”۔گپتا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پچھلے دس سالوں میں اٹھائے گئے انقلابی اقدامات کی بنیاد پر الیکشن لڑ رہی ہے۔گپتا نے کہا کہ بی جے پی واحد پارٹی ہے جو عوامی بہبود پر مرکوز ایک جامع منشور پیش کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی اپنے ترقیاتی ایجنڈے کے ساتھ عوام تک پہنچ رہی ہے، جب کہ دیگر پارٹیاں عوام کو کھوکھلے وعدوں سے گمراہ کر رہی ہیں، جس کا مقصد جموں و کشمیر کو دوبارہ بدامنی اور انتشار کے دور میں دھکیلنا ہے۔گپتا نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ کافی سمجھدار ہیں اور وہ این سی، کانگریس اور پی ڈی پی کو سبق سکھائیں گے۔